ٹھٹھہ پیپلز پارٹی کی خاتون امیدوار پر حملہ کئی کارکن زخمی

پروین لغاری بال بال بچ گئیں، رپورٹ درج کرا دی گئی، کوئی گرفتاری نہیں کی گئی


Nama Nigar May 01, 2013
پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے مطابق ریلی پر حملہ مخالف امیدوار شیرازی گروپ کے حامیوں نے کیا۔ فوٹو: فائل

پاکستان پیپلز پارٹی کی حلقہ پی ایس 86 سجاول سے امیدوار پروین لغاری مخالفین کے حملے میں بال بال بچ گئیں۔

تاہم ایک درجن سے زائد پارٹی کے حامی ورکرز زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے مطابق ریلی پر حملہ مخالف امیدوار شیرازی گروپ کے حامیوں نے کیا۔ پروین لغاری کے مطابق حملہ آور مسلح تھے اور انہوں نے پارٹی کے حامیوں کو زدوکوب کیا جس میں متعدد افراد زخمی ہوگئے ۔

پروین لغاری نے تھانے میں حملے کی رپورٹ درج کرادی ہے تاہم ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ پیپلز پارٹی میڈیا سیل کے مطابق پارٹی رہنماؤں نے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور نگران حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کا سختی سے نوٹس لیا اور ذمے داروں کو گرفتارکیا جائے ۔



پارٹی رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا کہ ایک خاتون امیدوار کی ریلی پر حملہ جمہوریت اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے ۔ سندھ میں کسی بھی انتخابی ریلی پر حملے کا یہ پہلا واقعہ ہے جس میں پیپلز پارٹی کی خاتون امیدوار بال بال بچ گئیں ۔ پروین لغاری نے رابطے پر بتایا کہ ٹھٹھہ میں مخالفین اپنی شکست دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے ہیں اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں لیکن عوامی طاقت ان کے غرور کو مٹا دے گی ۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ 40 برس سے ٹھٹھہ کے عوام کو یرغمال بنانے والے اپنے منطقی انجام کو پہنچنے والے ہیں ۔

پیپلز پارٹی کے رہنما الطاف خواجہ نے بتایا کہ ہماری مقبولیت دیکھ کر مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں اب وہ عوام کا سامنا کرنیکی بھی پوزیشن میں نہیں ۔ ایک خاتون کی ریلی پر حملہ انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے جس کا چیف الیکشن کمشنر کو نوٹس لینا چاہیے ۔

مقبول خبریں