برآمدی شعبہ گیس ٹیرف 30 فیصد بڑھانے کی تجویزپربرہم

نرخ زیادہ ہیں،حکومت اوگراکونہ سنے،ٹیرف حریفوں کے برابرلائے جائیں،ہوزری مینوفیکچررز


Business Reporter June 26, 2018
نرخ زیادہ ہیں،حکومت اوگراکونہ سنے،ٹیرف حریفوں کے برابرلائے جائیں،ہوزری مینوفیکچررز فوٹو: فائل

برآمدکنندہ صنعتی شعبے نے اوگرا کی جانب گیس کے ٹیرف میں 30 فیصد اضافے کی تجویزپر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کردیا۔

پاکستان ہوزری مینوفیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے چیف کوآرڈینیٹرومحمد جاوید بلوانی کی جانب سے نگراں وزیراعظم کوبھیجے گئے مکتوب میں کہا گیاکہ برآمدی صنعتوں کے گیس ٹیرف میں اضافے کے بجائے کمی کی جائے تاکہ مقامی ٹیرف حریف ممالک کے برابر لائے جاسکیں اور ملکی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو۔

انھوں نے کہاکہ ایکسپورٹ میں بتدریج اضافہ ہواور ہر ماہ کارکردگی بہتر ہو رہی ہے تاہم گیس ٹیرف میں اضافہ اس میں بڑی رکاوٹ بن جائے گا، برآمدی صنعتوں کوپہلے ہی متعدد چیلنجز اور مشکلات کاسامنا ہے، پاکستان میں گیس ٹیرف 6.59 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہیں جبکہ بنگلہ دیش میںیہ 3.22ڈالر اور بھارت میں 4.66ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہیں۔

اسی طرح پاکستان میں بجلی کے ٹیرف 0.10 ڈالر فی کلو واٹ جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت میں 0.09ڈالر ہیں، اسی طرح پاکستان میں پانی 0.50 ڈالر سے2 ڈالر فی ہزار گیلن اور لیبر کی اجرت 123.45ڈالر ماہانہ ہے جبکہ بنگلہ دیش میں اجرت 65 ڈالر ماہانہ ہے۔ جاوید بلوانی نے نگران وزیراعظم سے اپیل کی کہ اوگرا کی سفارشات پر ایکسپورٹ انڈسٹری کا گیس ٹیرف بڑھانے کے بجائے کمی کرتے ہوئے خطے میں حریفوں ممالک کے برابر لایا جائے اور برآمدی شعبے کے لیے علیحدہ گیس ٹیرف متعارف کرائے جائیں۔

مقبول خبریں