الیکشن جیتنے کا مقصد ملک کوبہتر مستقبل دینا ہے ارباب رحیم

تبدیلی سوچ بدلنے سے آئے گی،ڈگری میں سوئی گیس فراہم کرینگے،جلسے سے خطاب


Nama Nigar May 02, 2013
ارباب غلام رحیم نے کہا کہ پاکستان میں دنیا کا سب سے اچھا نہری نظام موجود ہے مگر نااہل حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث پانی کی قلت کے باعث زراعت تباہی کے دہانے پر ہے۔ فوٹو: فائل

پیپلز مسلم لیگ کے صدر اورسابق وزیراعلیٰ سندھ ڈاکٹر ارباب غلام رحیم نے کہا ہے کہ ڈگری کی نشستPS-66 جیت کر عوام کو سرپرائز دیں گے۔

پی پی نے اپنے5سالہ دور میں علاقے میں کوئی ترقیاتی کام نہیں کرائے اگر عوام نے ووٹ کی طاقت سے موقع دیا تو ڈگری کو ماڈل سٹی اور سوئی گیس دیں گے۔ یہ بات انھوں نے ڈگری میں اپنے صاحبزادے ارباب عنایت کی انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی، تقریب سے چوہدری خالد محمود، چوہدری نوید اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔



انھوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی سوچ بدلنے سے آئے گی۔الیکشن کا مقصد جیت کر اپنے لیے محلات بنانا نہیں بلکہ ملک کو بہتر مستقبل دینا ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ارباب عنایت نوجوان قیادت ہے، آٰپ اسے کامیاب کرائیں، ہم اقتدار میں آکر زراعت کی بہتری کے لیے پانی کی فراہمی، بے روزگاری کے خاتمے کے لیے انڈسٹری کے قیام کو یقینی بنائیں گے۔ پاکستان میں دنیا کا سب سے اچھا نہری نظام موجود ہے مگر نااہل حکمرانوں کی ناقص حکمت عملی کے باعث پانی کی قلت کے باعث زراعت تباہی کے دہانے پر ہے۔

مقبول خبریں