نواز شریف برسراقتدار آ کر ہزارہ صوبہ بنائیں گےسردار یوسف

اعظم سواتی نے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا،رہنما ن لیگ کی کل تک میں گفتگو.


Monitoring Desk May 02, 2013
کارکردگی پر ووٹ ملیں گے، سرداریوسف نے مال لوٹا ہے،اعظم سواتی. فوٹو: فائل

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار یوسف نے کہا ہے کہ میں اس حلقے سے 5مرتبہ منتخب ہوا ہوں اور اس مرتبہ بھی واضح اکثریت سے جیتوں گا۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام ''کل تک'' میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ اعظم سواتی نے میرے بارے میں جو بات کی ہے وہ بالکل جھوٹ اور بے بنیاد ہے، وہ تو خود ڈسٹرکٹ ناظم بننے کے 3 ماہ بعد ہی بھاگ گئے گیا اور سینیٹر بن کر بھی علاقے کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔ انھوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا کہنا ہے کہ برسراقتدار آنے کے بعد ہزارہ صوبہ بنائیں گے، عوام نے فیصلہ کر لیا ہے کہ وہ ن لیگ کو ووٹ ڈالیں گے کیونکہ ہزارہ کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ میاں نواز شریف کا ہوا ہے۔

ہزارہ کے لیے ایکسپریس وے، مانسہرہ میں پانی کا مسئلہ حل کرینگے، سوئی گیس لائیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما اعظم خان سواتی نے کہا کہ مجھے میری کارکردگی کی بنیاد پر ووٹ ملیں گے۔ میرے مدمقابل سردار یوسف نے ایک بار نہیں علاقے کے لوگوں سے کئی مرتبہ دھوکے کئے ہیں، ہم نے اپنی جیب سے لوگوں کی مدد کی ہے جبکہ انھوں نے یہاں کا مال لوٹا ہے۔