گھر میں ڈکیتی کی کوشش ناکام اہل خانہ نے ڈاکو پکڑ لیا

2 ڈاکوگرڈ اسٹیشن کے قریب گھر میں لوٹ مار کررہے تھے،مقدمہ درج،واقعے کے خلاف اہل محلہ کامظاہرہ


Nama Nigar May 04, 2013
اہل خانہ نے پکڑے ہوئے ڈاکو کو پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ اہل محلہ نے واقعے کے خلاف بدین روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فوٹو: فائل

لاہور: ٹنڈو محمد خان میں مسلح ڈکیتی کی کوشش ناکام، اہل خانہ نے ایک ڈاکو کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا۔

تفصیلات کے مطابق جمعے کے روز2 مسلح ڈاکو گرڈ اسٹیشن چوک کے قریب واقع او جی ڈی سی کے ملازم جاوید نظامانی کے گھر میں داخل ہوئے اور اہلخانہ کو ایک کمرے میں بٹھا دیا اور لوٹ مار کے دوران خواتین کے ہاتھوں سے سونے کی چوڑیاں زبردستی اتروانے کے دوران اہل خانہ نے ایک ڈاکو کو دبوچ لیا جبکہ دوسرا ڈاکو صورتحال دیکھ کر فرار ہوگیا۔



اہل خانہ نے پکڑے ہوئے ڈاکو کو پولیس کے حوالے کر دیا جبکہ اہل محلہ نے واقعے کے خلاف بدین روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ایس ایچ او ٹنڈو محمد خان شکیل جمالی کے مطابق ملزمان کے خلاف ڈکیتی اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جبکہ گرفتارملزم نذیر دستی پیپلز پارٹی کی ذیلی تنظیم پیپلز لیبر بیورو کے ضلعی عہدیدار کا بھائی ہے۔

ملزم کے قبضے سے چھینی گئی طلائی چوڑیاں اور ایک پستول برآمد ہوئی ہے۔ ملزم نے دوران تفتیش اپنے دوسرے ساتھی ڈاکو کا نام حیدر شیدی بتایا ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ واضع رہے کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹنڈو محمد خان میں لوٹ مار کی وارداتوں میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے۔

مقبول خبریں