ہم وطن فوجیوں کی ہلاکت کا ذمے دار جعلساز برطانوی پکڑاگیا

ملزم کی فروخت کردہ بم کا پتہ لگانے والی مشین جعلی نکلی، کئی فوجی مارے گئے


APP May 04, 2013
ملزم کی فروخت کردہ بم کا پتہ لگانے والی مشین جعلی نکلی، کئی فوجی مارے گئےفوٹو: فائل

برطانوی عدالت نے بم کا پتہ لگانے والی جعلی مشینیں فروخت کرنے والے برطانوی شخص جیمز میکارمک کو 10 سال قید کی سزا سنادی۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق سمرسٹ سے تعلق رکھنے والے جیمز میکارمک نے بم کا پتہ لگانے والی 7 ہزار جعلی مشینیں فروخت کرکے50 ملین ڈالر اکٹھے کیے۔جیمز میکارک نے عراق اور افغانستان سمیت دہشتگردی کے شکار کئی ممالک کو یہ مشینیں فروخت کیں۔ جیمز کا فراڈ اس وقت سامنے آیا جب اس کی ایک فروخت کی گئی مشین عراق میں نصب تھی جہاں سے بارود سے بھری گاڑی گزر گئی اور مشین نے کام نہ کیا جس کے باعث دھماکے میں کئی برطانوی فوجی بھی ہلاک ہو گئے تھے۔



اولڈ بیلی عدالت کے جج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ان کی فروخت کردہ ناکارہ مشینوں کی وجہ سے کئی لوگوں کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں۔ پولیس نے عدالت کو بتایاکہ اے ڈی ای 651نامی مشین گالف کی گیند کو ڈھونڈنے والے ایک چھوٹے سے آلے پر مشتمل ہے اور وہ اب بھی کئی ملکوں میں چیک پوسٹوں پر نصب ہے۔عدالت نے کہا کہ جیمز میکارک نے کسی موقعے پر بھی شرمندگی کا اظہار نہیں کیا اور بغیر کسی خوف کے اپنے جعلی دھندے کو جاری رکھا۔