الیکشن کے دن سیکیورٹی میں کسر نہیں چھوڑینگے نگراں وزیراعظم

انتخابی عمل کو کامیاب بنانا سب کی ذمے داری ہے، ووٹروں کے تحفظ کیلیے ضروری اقدامات کررہے ہیں،کھوسو، کابینہ اجلاس.


Online/Numainda Express May 05, 2013
ملک بھر میں 70ہزار فوجی جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے، پولیس اور دیگر اداروں کی معاونت کرینگے، اجلاس میں بریفنگ، انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید فعال کرنیکی ہدایت۔ فوٹو: فائل

نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو نے کہا ہے کہ الیکشن کے دن سیکیورٹی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

عوام ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنوں میں ضرور جائیں۔ فوج پولنگ اسٹیشنوں کے اندر تعینات نہیں کی جائے گی۔مجھے امید ہے کہ تمام پاکستانی اپنے پیارے ملک کے لیے ووٹ ڈالنے پولنگ اسٹیشنوں پر ضرور پہنچیں گے اور الیکشن کے عمل کو کامیاب بنائیں گے۔وہ ہفتے کو وفاقی دارالحکومت میں نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ عام انتخابات کے دوران بنیادی طور پر پولیس، قومی رضا کار اورخصوصی پولیس انتخابی عمل کے حوالے سے امن و امان برقرار رکھنے کے ذمے دار ہیں۔ سول انتظامیہ کی مدد کیلیے ملک بھر میں 70ہزار فوجی جوانوں کو تعینات کیا گیا ہے۔ فوج انتخابی مواد مختلف اضلاع تک پہنچانے میں مدد دے گی اور6 مئی تک ملک بھر میں جوانوں کی تعیناتی کا عمل مکمل کرلیا جائے گا۔

الیکشن تک کے ضروری ہنگامی پلان بھی مرتب کیے گئے ہیں، اہم برقی و مواصلاتی تنصیبات کی حفاظت کیلیے بھی معقول انتظامات کیے جارہے ہیں ۔ یہ باتیں ہفتے کو نگراں وزیراعظم میر ہزار خان کھوسو کی زیر صدارت منعقدہ وفاقی کابینہ کے اجلاس میں بتائی گئیں۔ نگراں وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح کیا کہ پر امن ماحول میں آزادانہ اور شفاف انتخابات کے انعقاد کے دوران امن و امان کے سلسلے میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔دہشت گردی کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ووٹروں کو ساز گار ماحول فراہم کرنے کیلیے ''فوری رسپانس فورس'' متعین کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔



وفاقی کابینہ کے اجلاس میں چیف سیکریٹریوں، آئی جی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آزادانہ، صاف و شفاف انتخابات کا انعقاد نگراں حکومت کی بنیادی ذمے داری ہے اور الیکشن کمیشن کے تعاون سے غیر جانبداری کو یقینی بنانے کیلیے تمام آئینی و قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ انھوں نے اس بات پر زور دیا کہ انتخابات بروقت منعقد ہوں گے جن کے بعد حکومت منتخب نمائندوں کے حوالے کی جائے گی ۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ ہر محب وطن شہری چاہے وہ کسی بھی پارٹی سے تعلق رکھتا ہو، اس بات کا احساس کرے کہ ملک ایک مشکل دور سے گزررہا ہے۔ نگراں وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی کابینہ ان تمام پاکستانیوں کو سلام پیش کرتی ہے جنھوں نے قوم کے تحفظ کیلیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے یہ ثابت کردیا کہ دہشت گرد بہادر پاکستانی شہریوں کو شکست نہیں دے سکتے۔

کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایسے عناصر کی دھمکیوں سے بخوبی آگاہ ہیں جن کا مقصد جمہوری عمل کو سبوتاژ کرنا اور انتخابات کے عمل میں رخنہ اندازی کرنا ہے۔ کابینہ نے نیشنل سروسز اور ریگولیشن ڈویژن کا نام تبدیل کرکے ہیلتھ کوآرڈینیشن اینڈ ریگولیشن ڈویژن رکھنے اورمختلف وزارتوں کے تحت کام کرنے والے صحت سے متعلقہ اداروں کو نئے ڈویژن کے تحت کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان تعلیم و تربیت کے شعبے میں معاہدے کی یاداشت پر دستخط کرنے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے معاہدوں کیلیے مذاکرات شروع کرنے کی بھی منظوری دی۔

مقبول خبریں