انٹرنیشنل ڈیبیو پر’’ڈائمنڈ ڈک‘‘ صاحبزادہ فرحان 5ویں کرکٹر بن گئے

صاحبزادہ فرحان نے کیریئر کا اولین میچ کھیلتے ہوئے بغیر کسی قانونی گیند کا سامنا کیے وکٹ گنوا دی۔


Sports Desk July 10, 2018
صاحبزادہ فرحان نے کیریئر کا اولین میچ کھیلتے ہوئے بغیر کسی قانونی گیند کا سامنا کیے وکٹ گنوا دی۔ فوٹو: سوشل میڈیا

صاحبزادہ فرحان انٹرنیشنل ڈیبیو پر''ڈائمنڈ ڈک'' کا شکار ہونے والے 5ویں کرکٹر بن گئے۔

ٹرائنگولر سیریز کے فائنل میں صاحبزادہ فرحان نے کیریئر کا اولین میچ کھیلتے ہوئے بغیر کسی قانونی گیند کا سامنا کیے وکٹ گنوا دی،گلین میکسویل کی وائیڈ بال پر وکٹ کیپر الیکس کیری کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہونے والے اوپنر سے قبل ویسٹ انڈین ریان ہرلے،آسٹریلوی ایشلے نوفکے،انگلش الیکس لاؤڈن اور زمبابوین کرکٹر ایڈو برینڈس بھی ڈیبیو پر اس ناخوشگوار تجربے سے گزر چکے۔

صاحبزادہ فرحان کی انفرادیت یہ ہے کہ وہ اسٹمپڈ ہوئے، دیگر چاروں رن آؤٹ ہوئے تھے،بغیر کوئی قانونی گیند کھیلے وکٹ گنوانے والوں کی فہرست میں پاکستان کے عمر گل، بھارتی راجر بنی، بنگلہ دیشی سومیہ سرکار اور انعام الحق بھی شامل ہیں تاہم ان کا''ڈائمنڈ ڈک '' ڈیبیو میچ میں نہیں تھا۔

سری لنکن نوان پردیپ،کیوی ردرفورڈ ڈیبیو ٹیسٹ میچز کی دوسری اننگز میں اس خفت کا شکار ہوئے،عمر گل کیریئر کے دوران اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز میں بغیر کوئی گیند کھیلے ''ڈائمنڈ ڈک'' کا شکار ہونے والے واحد کھلاڑی بھی ہیں۔

 

مقبول خبریں