چیمپئنزٹرافی میں ’’کرس گیل‘‘ میرا اصل ہدف ہوگا سعید اجمل

کرس گیل کو زیرکرنے کیلئےان کی بیٹنگ ویڈیوز دیکھ رہے ہیں کیو نکہ پاکستان کواپنے پہلے ہی میچ میں ویسٹ انڈیزکاسامناکرناہے


AFP May 06, 2013
چیمپئنزٹرافی میں عمرگل اور شاہد آفریدی کی کمی محسوس ہو گی تاہم ٹیم متوازن ہے، سعید اجمل فوٹو: اے ایف پی

جادوگر اسپنر سعید اجمل نے کہا ہے کہ برطانیہ میں آئندہ ماہ ہونے والی چیمپئنز ٹرافی میں ان کا اصل ہدف ویسٹ انڈیز کے بلے باز کرس گیل ہوں گے۔

ایبٹ آباد میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے سعید اجمل نےکہا کہ قومی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کے لئے کافی محنت کر رہی تاہم جس طرح کرس گیل ان دنوں کھیل رہے ہیں وہ لائق تعریف ہے، ہم کرس گیل کو زیر کرنے کے لئے ان کی بیٹنگ کی ویڈیوز سے مدد لے رہے ہیں کیو نکہ چیمپینز ٹرافی کے پہلے ہی میچ میں پاکستان کو ویسٹ انڈیز کا سامنا کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم مثبت سوچ اور کامیابی کی امید کے ساتھ ایونٹ میں شرکت کے لئے جا رہی ہے۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے پیٹ کی تکلیف پر کافی حد تک قابو پا لیا ہے تاہم وہ دورے کے دوران انگلینڈ ميں ماہر ڈاکٹرز سے بھی مشاورت کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایونٹ میں عمر گل اور شاہد آفریدی کی کمی محسوس کریں گے تاہم سلیکٹرز نے ایک متوازن ٹیم چنتے ہوئے اچھے کھلاڑیوں کو شامل کیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانیہ میں آئندہ ماہ کھیلے جانے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر 8 ٹیمیں شرکت کریں گی جنہیں دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، پاکستان کی ٹیم گروپ بی میں شامل ہے اوراسی گروپ میں ویسٹ انڈیز، جنوبی افریقا اور بھارت بھی شامل ہے،ایونٹ میں پاکستان اوربھارت کا ٹاکرا15 جون کو برمنگھم میں ہوگا۔