میزان بینک نے جل دبرانچ لیس بینکاری کے آغاز کا اعلان کردیا

وسیع ایجنٹ نیٹ ورک تک رسائی کیلیے مونیٹ اور وارد کے ساتھ معاہدے پر دستخط


Business Reporter May 07, 2013
شریعہ کمپلائنٹ برانچ لیس بینکاری سے لاکھوں پاکستانی مستفید ہونگے، گروپ ہیڈ آپریشنز .فوٹو : فائل

میزان بینک نے پاکستان میں عنقریب برانچ لیس بینکاری کے آغاز کا اعلان کردیاہے اوراس سلسلے میں ابتدائی طور پرمونیٹ اور وارد ٹیلی کام کے ساتھ باقاعدہ ایک معاہدے پردستخط بھی کردیے گئے ہیں، معاہدے کے تحت وہ کسٹمرز جنھیں مالیاتی خدمات تک رسائی کی سہولت حاصل نہیں ہے۔

انہیں اسلامی بینکاری خدمات فراہم کی جائے گی، میزان بینک نے موبائل منی نیٹ ورک شروع کرنے کیلیے بینک الفلاح اوروارد ٹیلی کام کے ساتھ مفاہمت کی ایک یاداشت پر دستخط بھی کردیے ہیں جواسٹیٹ بینک کی جانب سے برانچ لیس بینکنگ ریگولیشنز کے تحت اجازت نامے سے مشروط ہے۔ اس معاہدے کی بدولت میزان بینک مونیٹ کے وسیع ایجنٹ نیٹ ورک تک رسائی حاصل کرے گا، میزان بینک اورمونیٹ کے اکاؤنٹ ہولڈرز ایک دوسرے کو رقم بھیج اوروصول کرسکیں گے۔

معاہدے پر میزان بینک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عارف الاسلام، وارد ٹیلی کام چیف کمرشل آفیسر یونس اقبال شیخ اور مونیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی عباس سکندر نے دستخط کیے، میزان بینک کی برانچ لیس بینکنگ کے ذریعے صارفین پاکستان کے اندر ترسیلات زرکے علاوہ یوٹیلیٹی بلز کی ادائیگی اور موبائل ٹاپ اپ وغیرہ بھی حاصل کر سکیں گے۔ اس موقع پر میزان بینک کے چیف آپرٹینگ آفیسر عارف الاسلام نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا اسلامک بینک میزان بینک اپنے صارفین کے لیے نئی مصنوعات اور خدمات متعارف کراتا رہتا ہے۔



میزان بینک کے گروپ ہیڈ آپریشنز ارشد مجید نے کہا کہ پاکستان میں برانچ لیس بینکاری سے مالیاتی خدمات فراہم کرنا میزان بینک کے لیے نہایت اہم ہے اور اس طرح شریعہ کمپلائنٹ برانچ لیس بینکاری سے لاکھوں پاکستانی مستفید ہوں گے۔ وارد ٹیلی کام کے چیف ایگزیکٹو آفیسر منیرفاروقی نے کہا کہ وارد ٹیلی کام پارٹنر بینکوں کے ساتھ مل کر صارفین اور ڈسٹری بیوشن نیٹ ورکس کے لیے اپنی نوعیت کے پہلے مالیاتی ایکو سسٹم میں اپنا کردار اداکرنے پر خوش ہے۔

وارد ٹیلی کام کے چیف کمرشل آفیسر یونس اقبال شیخ اور مونیٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر علی عباس سکند نے اپنی نوعیت کے اس معاہدے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو قابل بھروسہ اور آسان بینکاری سہولتیں فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔