اوگرا کی سوئی ناردرن کو اسپورٹس بجٹ میں کمی کی ہدایت

علیم ملک  ہفتہ 14 جولائی 2018
صارف شکایات کاازالہ بروقت،طریقہ بہتربنایاجائے،بہتری کے منصوبوں کیلیے تجاویز طلب۔ فوٹو: فائل

صارف شکایات کاازالہ بروقت،طریقہ بہتربنایاجائے،بہتری کے منصوبوں کیلیے تجاویز طلب۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائن لمٹیڈ کو سوئی ناردرن کوکھیلوں سے متعلق سرگرمیوں پر ہونے والے اخراجات میں کمی لانے کی ہدایت کر دی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی نے سوئی ناردرن کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھیلوںسے متعلقہ سرگرمیوں پر ہونے والے اخراجات میں کمی لائے۔ اتھارٹی کا کہناہے کہ کھیلوں پر استعمال ہونے والے فنڈز عوام سے وصول کیے جاتے ہیں لہذا کمپنی اس مد میں خرچ کیے جانے والے اخراجات میں کمی لائے اور کفایت شعاری اختیار کرے۔

اوگرا نے سوئی ناردرن کو ہدایت کی ہے کہ وہ صارفین کی شکایات کے ازالے کے طریقہ کار کو بہتر بنائے اور صارفین کو درپیش تمام تر مشکلات کا مقررہ وقت کے اندر ازالہ کیاجائے۔ اتھارٹی کی جانب سے احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ اگر کمپنی کے پاس صارفین کو خدمات کی فراہمی کے شعبے کو مزید بہتر کرنے کے لیے کوئی تجاویز ہیں یا کمپنی کے پاس اس سلسلے میں کوئی منصوبہ زیر غور ہے تواس کی تفصیلات بھی اتھارٹی کے ساتھ شئیر کی جائیں۔

اوگرادستاویز کے مطابق اتھارٹی نے سوئی ناردرن کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس کی پیداوار اور اس کی کھپت میں ہونے والے اضافے کے حوالے سے تفصیلات کا صوبوں کے ساتھ تبادلہ کرے اور اس حوالے سے صوبائی حکومتوں کے تحفظات دورکیے جائیں۔ دستاویز کے مطابق اوگرا نے سوئی ناردرن کو ہدایت کی ہے کہ وہ گیس کی پیداوار اور اس کے استعمال کے حوالے سے آئین اور قانون میں موجود تمام شقوں پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائے۔

دستاویز میں بتایاگیاہے کہ اوگرا نے سوئی ناردرن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام علاقوں میں بڑے منصوبوں اور گیس کے تقسیمی و ترسیلی نقصانات (یو ایف جی)کے حوالے سے تمام تر تفصیلات سہ ماہی بنیادوں پراتھارٹی کو فراہم کریں اور سوئی نادر اپنے زیر انتظام مختلف ریجنز میں میں یو ایف جی کی شرح میں کمی لانے اور اس سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلات فراہم کریں۔

اتھارٹی کا کہناہے کہ اس حوالے سے متعلقہ تفصیلات اتھارٹی کو ہر سال اپنے اخراجات کی حتمی تفصیلات جمع کراتے وقت جمع کرائی جائیں۔ دستاویز میں بتاگیاہے کہ اتھارٹی نے نادہندگان سے وصولیوں کی شرح میں تیز ی لانے کی ہدایت کی ہے اور کمپنی کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے زیر انتظام علاقوں میں سے نادہندگان سے وصولیوں کی شرح میں تیزی لائے جبکہ مشکوک قرضوں کے تحت کمپنی کے بڑھتے ہوئے اخراجات میں کمی لائی جائے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔