حیدرآباد پی پی اور ایم کیو ایم میں کئی نشستوں پر دلچسپ مقابلے کا امکان

عوامی پارٹی کے زمینداد خان نے انتخابی مہم چلائی ہے جبکہ بقیہ امیدوار صرف نامزدگی فارمز بھر نے تک محدود رہے


APP May 11, 2013
عوامی پارٹی کے زمینداد خان نے انتخابی مہم چلائی ہے جبکہ بقیہ امیدوار صرف نامزدگی فارمز بھر نے تک محدود رہے. فوٹو: فائل

حیدرآباد ضلع میں پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان کئی نشستوں پر دلچسپ مقابلہ متوقع، اَپ سیٹ کے امکان کو رد نہیں کیا جاسکتا۔

ضلع حیدرآباد کی قومی اسمبلی کی نشست 219پر کل 15امیدوار ہیں جن میں ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ' پیپلز پارٹی کے علی احمد سہتو ' جماعت اسلامی کے شیخ شوکت علی اے این پی کے ماجد خان اور پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے زمینداد خان نے انتخابی مہم چلائی ہے جبکہ بقیہ امیدوار صرف نامزدگی فارمز بھر نے تک محدود رہے یہاں اصل مقابلہ ایم کیو ایم کے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی ' پیپلز پارٹی کے علی احمد سہتو اور جماعت اسلامی کے شیخ شوکت علی کے درمیان ہے ۔ شیخ شوکت علی کو 10جماعتی اتحاد کے علاوہ تحریک ِ انصاف کی حمایت بھی حاصل ہے۔

48پر ایم کیو ایم کے زبیر احمد خان کلین سوئپ کرتے نظر آرہے ہیں، ان کے مدمقابل پیپلز پارٹی کے رجب خاصخیلی و دیگر ہیں،پی ایس49 پر کل 12امیدوار ہیں جن میں تعلقہ لطیف آباد کے دو سابق ناظمین پیپلز پارٹی کے عبدالجبار خان ' ایم کیو ایم کے انجینئر صابر قائم خانی، جماعت اسلامی کے ڈاکٹر سیف الرحمن و دیگر ہیں ۔ این اے 220پر 11امیدوار ہیں پیپلز پارٹی کے صغیر احمد قریشی ' ایم کیو ایم کے وسیم حسین ' دس جماعتی اتحاد کے صاحبزادہ ابوالخیر زبیر و دیگر مد مقابل ہیں۔ پی ایس45پر کل22امیدوار ہیں۔

تاہم اصل مقابلہ ایم کیوایم کے دلاور قریشی'پیپلز پارٹی کے جیندو سومرو ' مسلم لیگ (فنکشنل) چوہدری نظام الدین آرائیں میں ہے پی ایس 46 پر 16 امیدوار ہیں جن میں ایم کیو ایم کے راشد خلجی' جماعت اسلامی کے عبدالوحیدقریشی 'پیپلز پارٹی کے بابو عبداللہ قاضی و دیگر شامل ہیں۔ این اے221 پر کل26امیدوار ہیں جن میں پیپلز پارٹی کے امیر علی شاہ جاموٹ کی پوزیشن مستحکم ہے ان کا اصل مقابلہ دس جماعتی اتحاد کے نمائندے اور سندھ ترقی پسند پارٹی کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر رجب میمن اور متحدہ قومی موومنٹ کے غازی صلاح الدین کے درمیان ہیں۔

پی ایس 47 پر سب سے زیادہ امیدوار41ہیں جن میں پیپلزپارٹی کے جام خان شورو ' ایم کیو ایم کے علی احمد بروہی ' دس جماعتی اتحاد کے ایاز لطیف پلیجو' و دیگر مد مقابل ہیں۔ پی ایس 50پر سب کی نگاہیں جہاں پیپلز پارٹی کے شرجیل میمن انتخاب لڑ رہے ہیں ان کا مقابلہ دس جماعتی اتحاد کے نمائندے اور مسلم لیگ(ف) کے صوبائی رہنما حسینی شہاب الدین شاہ ' پیپلز پارٹی کے ناراض آزاد امیدوار سابق ناظم تعلقہ دیہی خاوند بخش جیحیجو اور آزاد امیدوار اقلیتی خاتون شریمتی ڈیرو سے ہے۔