فخر زمان کے تیز ترین ہزار رنز، ویون رچرڈز کا ریکارڈ توڑ دیا

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 22 جولائی 2018
پاکستانی جارح مزاج اوپنر نے اپنے کیریئر کی 18 ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ فوٹو:فائل

پاکستانی جارح مزاج اوپنر نے اپنے کیریئر کی 18 ویں اننگز میں یہ کارنامہ انجام دیا۔ فوٹو:فائل

بولاوایو: فخرزمان کے بیٹ کی ضرب سے کئی ریکارڈ چکنا چور ہوگئے، تیز ترین 1000 رنز بنانے کا اعزاز پاکستانی اوپنر کے نام ہوگیا جب کہ 5 میچز کی ایک باہمی سیریز میں سب سے زیادہ رنز کا بھی ریکارڈ توڑ ڈالا۔

زمبابوے کے خلاف پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کے دوران اوپنر فخر زمان کا بیٹ خوب چلتا رہا، اس دوران انھوں نے ڈبل سنچری بھی اسکور کی، اب ان کے اعزازات میں کچھ اور عالمی ریکارڈز کا اضافہ ہوگیا ہے۔ انھوں نے صرف 18 اننگز کے دوران ایک ہزار رنز کا سنگ میل عبور کیا، اس طرح وہ تیز رفتاری سے اس مقام پر پہنچے ہیں، ان سے قبل تیز ترین ایک ہزار رنز بنانے کا اعزاز مشترکہ طور پر ویوین رچرڈز، کیون پیٹرسن، جوناتھن ٹروٹ، کوئنٹین ڈی کک اور بابر اعظم کے نام تھا، یہ سب اس مقام پر 21 اننگز میں پہنچے تھے۔

ان پانچ میچز کی سیریز میں فخر نے مجموعی طور پر 515 رنز بنائے جوکہ ایک باہمی سیریز میں کسی بھی کھلاڑی کے دوسرے زیادہ رنز ہیں جوکہ انھوں نے 257.50 کی ایوریج سے اسکور کیے ہیں، اس فہرست میں ٹاپ پر ویرات کوہلی 558 رنز کے ساتھ موجود ہیں تاہم انھوں نے یہ اسکور جنوبی افریقہ کے خلاف رواں برس کے آغاز میں 6 میچز میں بنائے تھے۔

اس سے قبل پاکستان کی جانب سے پانچ ون ڈے میچز کی سیریز میں زیادہ رنز کا اعزاز سلمان بٹ کے پاس تھا جنھوں نے بنگلہ دیش کے خلاف 2007-08 میں 451 رنز بنائے تھے۔

فخر زمان نے اس سیریز کے دوسرے اور پانچویں میچ کے دوران بغیر آئوٹ ہوئے 455 رنز بنائے، یہ آئوٹ ہونے کے درمیان میں بنائے گئے کسی بھی بیٹسمین کے سب سے زیادہ رنز ہیں، اس سے قبل یہ ریکارڈ محمد یوسف کے پاس تھا جنھوں نے زمبابوے کے ہی خلاف 2002-03 میں آئوٹ ہونے کے درمیان میں 405 رنز بنائے تھے۔

اس سیریز میں پاکستانی اوپنرز کی جانب سے 71.71 فیصد رنز اسکور کیے جوکہ کسی بھی 5 یا اس سے زائد میچز کی سیریز میں کسی بھی ٹیم کی سب سے بڑی پرسنٹیج ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔