عمران خان کی حالت میں مزید بہتری‘ وزیر داخلہ نے عیادت کی

چیئرمین تحریک انصاف تیسری منزل پر منتقل،چہل قدمی نہیں کی،ڈاکٹرفیصل سلطان


چیئرمین تحریک انصاف تیسری منزل پر منتقل،چہل قدمی نہیں کی،ڈاکٹرفیصل سلطان۔ فوٹو:ایکسپریس نیوز

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی حالت میں بتدریج بہتری آ رہی ہے جبکہ انھیں تیسری منزل پر کمرے میں منتقل کردیا گیا ہے اور ووٹ ڈالنے کیلیے میانوالی جانے کی اجازت دینے سے انکار کردیا گیاہے۔

شوکت خانم اسپتال لاہور کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر فیصل سلطان نے عمران خان کی صحت کے بارے میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز عمران خان کا ایم آر آئی کیا گیا جس کی رپورٹ کے مطابق ان کی ریڑھ کی ہڈی کو نقصان نہیں پہنچا اور وہ بہت تیزی کے ساتھ صحتیاب ہورہے ہیں۔ ان کی حالت کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جاسکتا ہے کہ اگلے ایک سے دو روز میں اس بات کا فیصلہ کیا جائے گا کہ عمران مزید کتنے دن اسپتال میں رہیں گے تاہم یہ ممکن نہیں کہ وہ انتخاب سے قبل گھر جاسکیں اور میانوالی میں اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان جس طرح صحت یاب ہورہے ہیں وہ توقع اورایک عام آدمی کی نسبت بہت بہتر ہے تاہم ان کی معلومات کے مطابق عمران خان نے کسی بھی قسم کی چہل قدمی نہیں کی۔ عمران کی عام افراد سے ملاقات پر پابندی برقرار ہے کیونکہ عمران خان اٹھ کر نہیں بیٹھ سکتے اور نہ چل پھر سکتے ہیں تاہم ان کی سیکیورٹی اور دوسرے مریضوں کی مشکلات دیکھتے ہوئے عمران خان کو تیسری منزل پر منتقل کردیا گیا ہے۔



دریں اثناء شوکت خانم میموریل کینسرہسپتال میں زیرِعلاج عمران خان کی سیکیورٹی حکومت اورخفیہ اداروں نے سنبھال لی۔ان کا کمرہ بھی تبدیل کر دیا گیا ہے، صرف ذاتی معالج اوران کی بہن کوملنے کی اجازت دی گئی ہے۔ مسلم لیگ (ق) کے صدر سینیٹر چوہدری شجاعت حسین نے تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان سے جمعرات کو ٹیلیفون پر بات چیت کی۔ انھوں نے عمران خان کی تیزی سے صحت یابی پر دلی اطمینان کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ وہ جلد از جلد مکمل طور پر صحت یاب ہو کر اپنے مشن کی تکمیل کیلیے کام شروع کر دیں گے۔ اے پی پی کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ ملک محمد حبیب خان نے عمران خان کی شوکت خانم اسپتال میں عیادت کی اوران کی جلد از جلد صحت یابی کی دعا کی۔ عمران خان نے عیادت کرنے پر وزیر داخلہ کا شکریہ ادا کیا۔