کوئٹہ کسٹمز انٹیلی جنس افسران واہلکاروں کیخلاف کیس بند

ٹرک انجن وپرانے فرنٹ کیبنزکی غیرقانونی کلیئرنس سے نقصان کاالزام ثابت نہ ہو سکا


Business Reporter July 24, 2018
نیب کوئٹہ نے حتمی رپورٹ اورریجنل بورڈاجلاس کی سفارشات پرمنظوری دے دی،ذرائع۔ فوٹو : فائل

کسٹمزانٹیلی جنس افسران اوراہلکاروں کے خلاف ٹرک انجن اور استعمال شدہ فرنٹ کیبنزکی غیرقانونی طورپر کلیئرنس کے ذریعے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کاالزام ثابت نہ ہونے پر قومی احتساب بیورو کوئٹہ کی مجازاتھارٹی نے حتمی رپورٹ اور ریجنل بورڈاجلاس کی سفارشات پر کیس بندکرنے کی منظوری دے دی ہے۔

ذرائع نے ''ایکسپریس'' کوبتایا کہ کسٹمزانٹیلی جنس افسران اوراہلکاروں کے خلاف ہینوٹرک کے انجن کو غیرقانونی طور پر کلیئرکرنے کا الزام عائدکیاگیاتھا جودوران تحقیقات ثابت نہ ہوسکا۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیوروکوئٹہ کی جانب سے کسٹمزانٹیلی جنس افسران واہلکاروں میں شامل ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کوئٹہ عرفان جاوید، ڈپٹی ڈائریکٹر عبدالمعید، سپرنٹنڈنٹ فریدالدین، انٹیلی جنس آفیسرزشبیراحمد، بشیر تبسم، شعیب نواز،ایل ڈی سی سلار،شعیب،خرم، ڈرائیور نجیب اللہ اورروی بھٹی پر الزام عائدکیا گیا تھاکہ انہوں نے غیرقانونی طورپر ہینوٹرک کے انجن کلیئرکیے تھے۔

اس وقت ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمزانٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کوئٹہ میں تعینات ڈائریکٹر عرفان جاوید کی جانب سے بدعنوانیوں کی نشاندہی کی گئی تھی لیکن نیب کوئٹہ کی جانب سے ان پر بھی الزام عائدکرکے شامل تفتیش کر لیا گیا تھا، عرفان جاوید ان دنوں ڈائریکٹویٹ آف ٹریننگ اینڈریسرچ میں ڈائریکٹرکی حیثیت سے تعینات ہیں جو کسٹمز میں صاف ستھرے ریکارڈکے حامل ہیں۔

ذرائع کاکہناہے کہ ان کی قابلیب کو داغداراور اچھی شہرت کو نقصان پہچانے کی غرض سے غیرمعروف ویب سائٹ نے کسی کا تحریر کردہ انگریزی آرٹیکل بھی شئیر کیا تھا تاہم مذکورہ فیصلہ آنے کے بعد ڈائریکٹر ٹریننگ ریسرچ کسٹمزعرفان جاوید نے مذکورہ ویب سائٹ کو چلانے والوں کے خلاف عدالت سے رجوع کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

قومی احتساب بیوروکوئٹہ کی تحقیقات ختم کیے جانے پر ڈائریکٹرٹریننگ اینڈریسرچ عرفان جاویدسے رابطہ کرنے پر بتایاکہ نیب نے شفاف تحقیقات کے ذریعے اپنا فیصلہ جاری کردیا ہے اور اللہ پاک نے انہیں سرخروکیا۔

مقبول خبریں