’بے ایمان‘ آسٹریلوی کرکٹرز کیریبیئن جزائز جائیں گے

اسپورٹس ڈیسک  جمعرات 26 جولائی 2018
وارنر کے بعد اسمتھ کو سی پی ایل میں جگہ مل گئی، بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی شرٹ پہنیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

وارنر کے بعد اسمتھ کو سی پی ایل میں جگہ مل گئی، بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی شرٹ پہنیں گے۔ فوٹو: اے ایف پی

پورٹ آف اسپین: آسٹریلیا کے ’بے ایمان‘ کرکٹرز اب کیریبیئن جزائر کا رخ کریں گے جب کہ بال ٹیمپرنگ میں ملوث ڈیوڈ وارنر کے بعد اسٹیون اسمتھ کو بھی سی پی ایل میں جگہ مل گئی۔

سابق آسٹریلوی کپتان بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی نمائندگی کریں گے، ان سے بنگلہ دیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن کی عدم دستیابی کی وجہ سے معاہدہ کیا گیا ہے۔ ڈیوڈ وارنر کیریبیئن پریمیئر لیگ میں سینٹ لوشیا اسٹارز کی جانب سے ایکشن میں ہوں گے۔ دونوں کھلاڑی اس سے قبل کینیڈا میں گلوبل ٹوئنٹی 20 لیگ بھی کھیل چکے ہیں۔ دونوں اس وقت بال ٹیمپرنگ کے جرم میں ایک ایک برس کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے پر پابندی کی سزا کاٹ رہے ہیں۔

ٹرائیڈینٹس کے کوچ روبن سنگھ کا کہنا ہے کہ شکیب الحسن کی خدمات سے محرومی ہمارے لیے بہت بڑا دھچکا ہے تاہم ان کی جگہ ورلڈ کلاس بیٹسمین اسٹیون اسمتھ ہماری ٹیم میں شامل ہوچکے ہیں جوکہ ہماری بیٹنگ لائن کے استحکام کا باعث بن سکتے ہیں، ایک ایسے پلیئر جو کہ پوری دنیا میں اپنی کارکردگی کا دھاک بٹھاچکے ہیں وہ ہماری ٹیم کی کامیابی میں بھی کردار ادا کریں گے۔

یاد رہے کہ اسمتھ کی ٹیم ٹورنٹو نیشنلز گلوبل ٹی 20 میں آخری نمبر پر رہی مگر انھوں نے خود 6 اننگز میں 167 رنز اسکور کیے جس میں دو ففٹیز شامل تھیں جبہ اس دوران ان کی ایوریج 33.40 اور اسٹرائیک ریٹ 119.28 رہا۔ گذشتہ سیزن میں ٹرائیڈینٹس کی ٹیم سیکنڈ لاسٹ پوزیشن پر رہی تھی، اسے 10 میچز میں 4 فتوحات ہی حاصل ہوئی تھیں، اس سیزن میں جیسن ہولڈر ٹیم کی قیادت کیرون پولارڈ سے سنبھالیں گے۔ سی پی ایل 8 اگست سے 16 ستمبر تک کھیلی جائے گی، ٹرائیڈینٹس کا پہلا میچ گیانا ایمازون واریئرز سے 13 اگست کو ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔