وسط ایشیا سے تجارت، خودکار کسٹمز کلیئرنس نظام کیلیے پیشرفت

ارشاد انصاری  جمعـء 27 جولائی 2018
طورخم،چمن بارڈر اور واہگہ پر ون ونڈوسسٹم انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ متعارف کرایا جائیگا،ایکنگ منظوری دے چکی،فنڈزبھی مختص۔ فوٹو : فائل

طورخم،چمن بارڈر اور واہگہ پر ون ونڈوسسٹم انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ متعارف کرایا جائیگا،ایکنگ منظوری دے چکی،فنڈزبھی مختص۔ فوٹو : فائل

 اسلام آباد: پاکستان کی جانب سے کیرک کوریڈور فار ٹریڈ کے لیے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ پروجیکٹ(آئی ٹی ٹی ایم ایس) شروع کیا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان کسٹمز سروس سے تعلق رکھنے والے گریڈ 20کے افسر محمد علی رضا ہنجرہ کو طورخم، چمن بارڈر اور واہگہ کراسنگ پوائنٹ پر انفرااسٹرکچرکی تعمیر کے لیے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ پروجیکٹ(آئی ٹی ٹی ایم ایس)کا پروجیکٹ ڈائریکٹر مقرر کردیا ہے جس کے لیے فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے باقاعدہ طور پر آفس آرڈر جاری کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گریڈ 20کے افسر محمد علی رضا ہنجرہ کو انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ پروجیکٹ (آئی ٹی ٹی ایم ایس)کے پروجیکٹ ڈائریکٹر کے طور پر تمام تر انتظامی و مالی اختیارات حاصل ہوں گے اور وہ انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ پروجیکٹ(آئی ٹی ٹی ایم ایس) کے مستقل پروجیکٹ ڈائریکٹر کی تعیناتی تک فرائض سرانجام دیں گے۔

اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے وسط ایشیائی علاقائی اقتصادی تعاون (کیرک) ریجنل امپروومنٹ بارڈر سروسز (آر آئی بی ایس) کے تحت کیرک کوریڈور فار ٹریڈ کے لیے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ پروجیکٹ(آئی ٹی ٹی ایم ایس) شروع کیا ہے۔

اس منصوبے کے تحت وسط ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کے لیے ون ونڈو آئی سی ٹی بیسڈ سسٹم متعارف کرایا جائے گا جبکہ اس منصوبے کے تحت متعارف کرائے جانے والے ون ونڈو آئی سی ٹی بیسڈ سسٹم کے ذریعے داخلی استعمال کے لیے بیرون ملک سے آنے والے سامان اور اشیا کی کلیئرنس و چیکنگ ہوگی۔

اس کے علاوہ  پاکستان کے راستے سے دوسرے ممالک کو جانے والے سامان کی کلیئرنس بھی اسی سسٹم کے ذریعے ہوگی اور اس سسٹم کے ذریعے کلیئرنس و چیکنگ کے بعد پاکستان کی راہداری سے دوسرے ممالک کو جائیں گی اور کراچی سے اندرون ملک جانے والی اشیا کی اسی سسٹم کے ذریعے کلیئرنس ہوگی اور اسی ون ونڈو سسٹم کے ذریعے ہی پاکستان راہداری سے ایگزٹ ہوں گی جبکہ انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ پراجیکٹ(آئی ٹی ٹی ایم ایس) پر عملدرآمد کے لیے مجاز اتھارٹی فیڈرل بورڈ آف ریونیو ہے جس نے اس منصوبے کیلیے ایف بی آر ہیڈکوارٹرز میں پروجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ (پی ایم یو) قائم کر رکھا ہے اور اس منصوبے پر مجموعی عملدرآمد اور کارکردگی کی مانیٹرنگ اسی پروجیکٹ مانیٹرنگ یونٹ کی ذمے داری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ طور خم اور چمن بارڈر کراسنگ پوائنٹ پر انفرااسٹرکچرکی تعمیرات 34کروڑ 80 لاکھ روپے کے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم پروجیکٹ کا اہم ترین حصہ ہے جبکہ یہ سسٹم پروجیکٹ کیرک کوریڈور فار ٹریڈ کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے شروع کیا جارہا ہے اور ایکنک کی جانب سے اس منصوبے کی پہلے سے ہی منظوری دی جاچکی ہے۔

وفاقی بجٹ میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم پروجیکٹ سمیت دیگر منصوبوں کے لیے مجموعی طور پر68کروڑ70 لاکھ روپے مختص ہیں جس میں سے 34 کروڑ 80 لاکھ روپے انٹیگریٹڈ ٹرانزٹ ٹریڈ مینجمنٹ سسٹم پروجیکٹ کیلیے رکھے گئے ہیں اور اس منصوبے میں طور خم،چمن اور واہگہ پر قائم بارڈرز کسٹمز اسٹیشن کی اپ گریڈیشن اور بہتری بھی شامل ہے جس کیلیے کام جاری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔