ورلڈ جونیئر ٹیم اسکواش؛ انگلینڈ نے پاکستان کو 2-1 سے زیر کرلیا

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 28 جولائی 2018
قومی ٹیم کے لیے واحد فتح حارث قاسم نے سمیٹی،آج کینیڈا سے مقابلہ ہوگا۔ فوٹو : فائل

قومی ٹیم کے لیے واحد فتح حارث قاسم نے سمیٹی،آج کینیڈا سے مقابلہ ہوگا۔ فوٹو : فائل

چنئی: ڈبلیو ایس ایف ورلڈ جونیئر مینز اسکواش ٹیم چیمپئن شپ میں انگلینڈ نے پاکستان کو 2-1 سے زیر کر لیا۔

بھارت کے شہر چنئی کے ایکسپریس ایونیو مال میں گزشتہ روز ایونٹ کے کوارٹر فائنل کھیلے گئے، پاکستان کا مقابلہ تھرڈ سیڈ انگلینڈ سے ہوا جس میں انگلش ٹیم 2-1 سے فاتح رہی۔

پہلے میچ میں جیمز وائٹ نے پاکستان کے محمد عزیر کو سخت مقابلے کے بعد 3-2 سے شکست دی، عزیر نے پہلا گیم 11-8 سے جیتا تاہم جیمز وائٹ نے اگلے دونوں گیمز 11-6 اور 11-7 سے اپنے نام کرتے ہوئے میچ میں واپسی کی، عزیر نے چوتھا گیم 11-8 سے جیتا اور مقابلہ برابر کر دیا، پانچویں اور فیصلہ کن گیم میں انگلش پلیئر نے 11-2 سے فتح سمیٹتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔

دوسرے میچ میں نکولس وال نے عباس زیب کو 3-1 سے زیر کیا، نکولس نے پہلے دونوں گیمز 11-9 اور 11-6 سے جیتے، عباس نے تیسرا گیم 11-7 سے اپنے نام کرتے ہوئے میچ میں واپسی کا راستہ ہموار کیا تاہم انگلش پلیئر نے اگلا گیم 11-6 سے جیت کر ٹیم کو 2-0 کی فیصلہ کن برتری دلا دی۔

تیسرے میچ میں پاکستان کے حارث قاسم نے سیموئل ٹوڈ کو 3-0 سے مات دیکر ٹیم کو پہلی فتح دلائی، دیگر میچز میں سنگا پور نے فن لینڈ، بھارت نے جرمنی، نیوزی لینڈ نے آسٹریلیا، امریکا نے کینیڈا کو 2-1، فرانس نے زمبابوے، جنوبی افریقہ نے سعودی عرب، اسکاٹ لینڈ نے قطر، مصر نے ہانگ کانگ، ارجنٹائن نے کولمبیا کو 3-0، جمہوریہ چیک نے ملائیشیا، سوئٹزر لینڈ نے آئرلینڈ کو 2-0 سے شکست دیدی۔ پاکستانی ٹیم اب ہفتے کو کینیڈا کے مقابل آئے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔