کئی پولنگ بوتھ امیدواروں کے قبضے میں تھے فافین

693پولنگ اسٹیشنز پر تشدد کے واقعات دیکھنے میں آئے،ابتدائی رپورٹ.


Online May 13, 2013
نئی قومی اسمبلی سے انتخابی نظام میں دیرینہ کمزوریوں کے خاتمے کا مطالبہ. فوٹو: رائٹرز

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (FAFEN) نے 11 مئی کے انتخابات کے بارے میں اپنے مشاہدہ کاروں کی ابتدائی رپورٹ جاری کردی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بہت سارے علاقوں میں امیدواروں کی جانب سے پولنگ بوتھ پر قبضہ کیا گیا۔ 3500پولنگ اسٹیشنز پر ناخوشگوار واقعات رونما ہوئے جن میں سے693پولنگ اسٹیشنز پر سنجیدہ نوعیت کے تشدد کے واقعات دیکھنے میں آئے۔36 پولنگ اسٹیشنز ایسے تھے جہاں پر پولنگ بوتھ پر امیدواروں کے حامیوں نے قبضہ کرکے دھاندلی کی جبکہ 121پولنگ اسٹیشنز کے اندر فافین کے مشاہدہ کاروں کو داخلے کی اجازت نہ ملی اور 93پولنگ اسٹیشنز پر فافین کے مشاہدہ کاروں کو باقاعدہ طور پر ہراساں کیا گیا یا انھیں تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔



فافین کے چیئرپرسن زاہد اسلام اور ممبر ایگزیکٹوصادقہ صلاح الدین اور مدثر رضوی نے اتوار کو41 ہزار مشاہدہ کاروں کی رپورٹس پر مبنی ابتدائی رپورٹ جاری کی جس میں نو منتخب قومی اسمبلی پر زور دیا گیا ہے کہ وہ نمایاں قانونی اصلاحات کے ذریعے انتخابی نظام میں پائی جانے والی دیرینہ کمزوریوں کا ازالہ کرے ۔رپورٹ میں خیال ظاہر کیا ہے کہ بعض شہریوں کو کسی عذر کے بغیر انتخابی عمل سے ایک طرف رکھا گیا۔رپورٹ میں خواتین کو ووٹ دینے کے حق کی ضمانت دینے سے متعلق قانون سازی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

مقبول خبریں