نواب شاہ پرتشدد واقعات میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی

شہر ی گھروں میں محصور ،شہربھر میں خوف ودہشت کاراج،پولیس بے بس


INP May 14, 2013
الیکشن والے دن سے شروع ہونے جھگڑے اور فائرنگ کے پرتشدد واقعات نے اب تک 4 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیے ہیں۔ فوٹو: فائل

انتخابات کے دن سے شروع پرتشدد واقعات میں ہلاک ہونے والے کی تعداد 4 ہوگئی۔

شہر ی گھروں میں محصور ، شہربھر میں خوف ودہشت کاراج،پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بے بس، الیکشن کمیشن کے دعوے دھرے رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن والے دن سے شروع ہونے جھگڑے اور فائرنگ کے پرتشدد واقعات نے اب تک 4 افراد کی زندگیوں کے چراغ گل کردیے ہیں۔

تاج کالونی میں پولنگ کے دوران جھگڑے اور فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے کارکن محمد عرفان ملک ہلاک اور 3 افرادزخمی ہوگئے تھے، اسی دوران الیکشن کے دن زخمی ہونے والا 15 سالہ نوید بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد شہر بھر میں کشیدگی پھیل گئی ۔



جبکہ گزشتہ دن ووٹوں کی گنتی کے دوران مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایم کیو ایم کے سابق کونسلرغلام رسول اسد ی اور ایک راہگیردیدار گوپانگ ہلاک ہوگئے جس کے بعد شہر بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے اور مسلح افراد سڑکوں پر نکل آئے اور سرعام فائرنگ کرتے رہے لیکن پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے رہے اور شہری مسلح افراد کے رحم وکرم پرتھے نامعلوم مسلح افراد شہریوں پر فائرنگ کرتے رہے۔

جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شدید زخمی ہوگئے جن میں بعض کی حالت انتہائی تشوشناک بتائی جاتی ہے۔

مقبول خبریں