پولارڈ کے لاٹھی چارج نے ممبئی انڈینز کو فتح دلادی

شیکھر دھون کی ففٹی کام نہ آ سکی، سن رائزرز حیدرآباد کو 7 وکٹ سے شکست


Sports Desk May 14, 2013
ممبئی : انڈین پریمیئر لیگ میچ میں نصف سنچری بنانے والے سن رائزرز حیدرآباد کے شیکھر دھون کا سوئپ شاٹ. فوٹو: بی سی سی آئی

آئی پی ایل میں کیون پولارڈ کے لاٹھی چارج نے ممبئی انڈینز کو فتح دلادی، سن رائزرز حیدرآباد کو 7 وکٹ سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

فاتح سائیڈ نے 179 کا ہدف تین بالز قبل صرف 3وکٹ پر حاصل کیا، ڈیوائن اسمتھ 21 رنز پر ایشانت شرما کی گیند پر بولڈ ہوگئے، سچن ٹنڈولکر نے کرن شرما کو لانگ آن پر زور دار چھکا جڑا،جس پر ممبئی کا کراؤڈ خوشی سے اچھل پڑا مگر ان کے ہاتھ میں درد شروع ہوگیا، فزیو نے کافی دیر تک مالش کی مگر انھیں بیٹ پر گرفت میں مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا، جس پر وہ میدان سے باہر چلے گئے جبکہ کراؤڈ حیرت سے انھیں تکتا رہا، وہ 38 رنز پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔



دنیش کارتھک 30 اور رائیڈو2 رنز پر کرن شرما کی وکٹ بنے، پولارڈ نے 27 بالز پر 8 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 66 رنز بناکر ٹیم کو فتح دلادی۔تشارا پریرا نے 3.3 اوورز میں بغیر کسی وکٹ کے 55 رنز کی پٹائی برداشت کی۔ اس سے قبل سن رائزرز حیدرآباد نے 3 وکٹ پر 178 رنز بنائے، شیکھر دھون 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کیمرون وائٹ نے ناٹ آؤٹ 43 اور وہاری نے 41 رنز بنائے، پارتھیو پٹیل 26 رنز تک محدود رہے، لسیتھ مالنگا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔