روم ٹینس وینس ولیمز پہلے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں

لیورا روبسن کو دوسرے مرحلے میں سرینا کا چیلنج درپیش.


Sports Desk/AFP May 14, 2013
روم ٹینس:برطانیہ کی لیورا روبسن امریکی حریف وینس ولیمز کیخلاف بیک ہینڈ شاٹ کھیل رہی ہیں۔ فوٹو: اے ایف پی

5 مرتبہ کی ومبلڈن چیمپئن وینس ولیمز روم ماسٹرز میں پہلے راؤنڈ کی مہمان بن گئیں،انھیں پچھاڑنے والی برطانوی ٹینس اسٹار لیورا روبسن کو دوسرے راؤنڈ میں سرینا کا چیلنج درپیش ہے۔

جرمنی کی سبائن لیسکی، سمانتھااسٹوسر، چین کی پینگ شوئی اور جاپانی پلیئر آیومی موریٹا پہلی آزمائش میں ناکام رہیں، مینز سنگلز میں میزبان پلیئر پوٹیٹو اسٹریس نے راڈک اسٹیپنک کو مات دیکر فیڈرر کے مقابل جگہ بنالی،سوئس اسٹارکو پوٹیٹو کیخلاف اس سے قبل ہونے والے تمام 6 باہمی مقابلے جیتنے کا ایڈوانٹیج حاصل ہے،ایونٹ میں پاکستان کے اعصام الحق اور ڈچ پارٹنر جین جولین روجرز کو 4 سیڈنگ دی گئی اور وہ سفر کا آغاز دوسرے مرحلے سے کریںگے۔تفصیلات کے مطابق سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن سے قبل شروع ہونے والے روم ماسٹرز ٹینس ٹورنامنٹ میں برطانیہ کی لیورا روبسن نے فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے اپنے سے کہیں زیادہ تجربہ کار وینس ولیمز کو پچھاڑ دیا۔

ان کی جیت کا اسکور 6-3 اور 6-2 رہا، دوسرے مرحلے میں ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز ان کی منتظر اور یقینی طور پر اپنی بہن کی شکست کا حساب چکتا کرنے کیلیے بے تاب ہوں گی، ٹاپ سیڈ امریکی پلیئر سرینا نے گذشتہ شب ہی میڈرڈ میں ٹائٹل جیت کر اپنی سنگلز ٹرافیزکی تعداد50 تک پہنچائی ہے، عالمی درجہ بندی میں 39ویں پوزیشن پر موجود روبسن کووینس کیخلاف فتح پانے میں 90 منٹ جدوجہد کرنا پڑی، 1999 میں روم کی فاتح وینس اس وقت ورلڈ رینکنگ میں 24ویں نمبر پر ہیں، پانچ مرتبہ کی ومبلڈن چیمپئن وینس نے اس مقابلے میں 6ڈبل فالٹس کیں اور 5مرتبہ سروس ڈراپ کی، انھیں اس سے قبل میڈرڈ ایونٹ میں کمرمیں تکلیف کے باعث پہلے راؤنڈ سے دستبردار ہونا پڑگیا تھا لیکن وہ روم ایونٹ میں بھی مکمل فٹ دکھائی نہیں دیں، آسٹریلیا کی سمانتھا اسٹوسر نے چائنیز تائپے کی ہیش سو وائی کو 6-2،6-3 سے مات دی،میڈرڈ ماسٹرز کے ابتدائی میچ میں کارلا سواریز نیوارو کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد اسٹوسر نے روم پہنچنے میں کوئی تاخیرنہیں کی اور بھرپور پریکٹس کرتے ہوئے روم ایونٹ کا پہلا مرحلہ عبور کرلیا۔



2010 میں فرنچ اوپن کی فائنلسٹ اسٹوسر نے گذشتہ ماہ اسٹٹ گارٹ میں بھی ٹائٹل جیتا تھا، جرمنی کی سبائن لیسکی نے امریکی حریف میڈیسون برڈیٹی کو 6-1،6-2 سے قابو کرلیا، چین کی پینگ شوئی نے رومانیہ کی مونیکا نیکولیسکو کو 4-6،6-3 اور 6-2 سے ہرایا، اطالوی پلیئر ناستاسجا برنیٹ نے 2008 کی فائنلسٹ فرنچ پلیئر آلیز کورنیٹ کو ٹھکانے لگایا، کورنیٹ یہ مقابلہ 2-6،2-6 سے ہارگئیں، جاپانی پلیئر آیومی موریٹا نے سورانا کرسٹیا کو 6-1،6-3 سے زیرکیا، متھالی جوہانسن کو اسپین کی گاربین موگروزا نے 1-6،6-0 اور 6-2 سے قابو کرلیا، امریکی پلیئر میلین اوڈین کے مقابل آنے والی روس کی ایکٹرینا ماکارووا 2-6،7-5 اور 4-2 کے اسکور پر ریٹائرڈ ہوگئیں۔ دوسری جانب مینز سنگلز میں میزبان ملک اٹلی کے پوٹیٹو اسٹریس نے پہلا راؤنڈ جیت کر سوئس ماسٹر راجرفیڈرر سے ساتواں باہمی مقابلہ کھیلنے کا اہتمام کرلیا، پوٹیٹو نے پہلی آزمائش میں جمہوریہ چیک کے راڈک اسٹیپنک کو 4-6،6-4 اور 6-3 سے شکست دی، فیڈرر کو اسٹریس کیخلاف 6-0 کی مکمل برتری حاصل ہے۔

ٹاپ سیڈز پلیئرز کا سفر دوسرے راؤنڈ سے شروع ہوگا، 26 مئی سے شروع ہونے والے سیزن کے دوسرے گرینڈ سلم فرنچ اوپن سے قبل دنیا کے نامور پلیئرز کے پاس اپنی تیاریاں جانچنے کا یہ آخری موقع ہے،دیگر میچزمیں فرانس کے بنیوئٹ پائر نے ارجنٹائنی حریف جوآن مناکو کیخلاف 7-6(7/4)، 1-6 اور 6-4 سے جیت کی بدولت دوسرے راؤنڈ میں جگہ بنائی، اسپینش پلیئر البرٹ راموس نے جمہوریہ چیک کے جان ہائیک کو 7-5 اور 6-0 سے مات دیکر پیشقدمی جاری رکھی، روسی پلیئر الیکس کوزینٹسوف کیخلاف میدان میں اترنے والے بیلجیئن پلیئر زیویئر میلسی ابتدائی سیٹ میں 6-2 سے ناکامی کے بعد دوسرے سیٹ میں 3-1 پر ہمت ہارکر ریٹائرڈ ہوگئے، کروشیا کے 11 سیڈ مارن کلک نے قازقستان کے آندرے گلوبوف کو 6-4،6-2 سے ٹھکانے لگایا، لٹویا کے ارنسٹ گلبز نے فن لینڈ کے جارکونمینن کیخلاف 6-2،7-6(8/6) سے کامیابی حاصل کرلی۔