ادارے حادثات سے بچاؤ کیلیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ

نجی ادارے آگ بجھانے کے آلات سمیت مکمل سامان رکھیں تاکہ جانی و مالی نقصان کم ہو.


Staff Reporter May 14, 2013
فائر آفیسرز اور ریسکیو یونٹ کیلیے جدید ٹریننگ کا انتظام کیا جارہا ہے،ہاشم رضا زیدی. فوٹو: فائل

NEW DEHLI: بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر سید ہاشم رضا زیدی نے کہا ہے کہ تمام کمرشل و نجی اداروں کے زیر انتظام عمارتوں اور فیکٹریوں میں ممکنہ حادثات سے بچائو کیلیے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کی جانی چاہئیں۔

خصوصاً آگ بجھانے کے آلات سمیت مکمل سامان ہمہ وقت موجود ہونا چاہیے تاکہ کسی بھی حادثے یا اچانک آگ لگنے کی صورت میں جانی و مالی نقصان کم سے کم ہو اور ایسی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹا جاسکے، بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے وسائل کے اندر رہتے ہوئے شہریوں کوفائر فائٹنگ اور ریسکیو کے شعبہ میں ہر ممکن سہولیات فراہم کررہی ہے تاہم کمرشل و نجی اداروں کو بھی اس سلسلے میں اپنی ذمے داری کا احساس کرنا چاہیے، وہ محکمہ فائر بریگیڈ اور ریسکیو یونٹ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلیے منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔



ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کراچی جیسے بڑے شہر کیلیے مناسب تعداد میں فائر ٹینڈرز، اسنارکل گاڑیوں اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کیلیے آلات کی موجودگی لازمی ہے، اس کے ساتھ ساتھ فائر ٹینڈرز سمیت تمام مشینری اور آلات استعمال کرنے والے افسران و عملے کا اپنے کام میں مہارت حاصل کرنا ضروری ہے، محکمہ فائر بریگیڈ کے افسران اور فائر فائٹرز کو آگ بجھانے کی جدید تکنیک سے آگاہی فراہم کرنے کیلیے کراچی کے تمام فائر اسٹیشنز آفیسر اور سب فائر آفیسر کیلیے جدید ٹریننگ کا انتظام کیا جارہا ہے تاکہ وہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ کر سکیں، ریسکیو یونٹ کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جارہا ہے تاکہ حادثات سے بھر پور انداز میں نمٹا جاسکے، فائر بریگیڈ کے افسران و ملازمین کیلیے تربیتی پروگرام دو مراحل میں مکمل کیا جائے گا، جس کے دوران فائر آفیسرز کو ہنگامی حالات میں آگ بجھانے اور انسانی جان و قیمتی املاک کو بچانے کی تربیت دی جائے گی۔

مقبول خبریں