دہشتگردی کے خاتمے کیلیے سب کوملکرچلناہوگاشاہدخاقان

پورے پنجاب کے نتائج مستردنہیں کیے،21 حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت دیے،مزاری.


Monitoring Desk May 15, 2013
ن لیگ اورتحریک انصاف کی ڈیل ہوگئی،بلیدی:’کل تک‘ میں جاوید چوہدری سے گفتگو فوٹو : فائل

ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت سازی میں دیگر سیاسی جماعتوں کو شامل کرنے کی ضرورت نہیں۔

جہاں تک معاشی مسائل اور دہشتگردی کا تعلق ہے تو یہ مسائل اتنے بڑھ چکے ہیں کہ ان کو حل کرنا شاید ایک پارٹی کے بس کی بات نہیں، اس میں سب پارٹیوں کو شامل کرنا ہوگا تاکہ ایک مشترکہ ایجنڈا طے ہوجائے اور ہماری حکومت اس پر عملدرآمد کرے۔ ایکسپریس نیوز کے پروگرام کل تک کے میزبان جاوید چوہدری سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ افہام و تفہیم کا یہ مقصد نہیں کہ حکومت اور اپوزیشن مل جائیں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کے الزام پرانھوں نے کہا کہ دھاندلی والی بات مناسب نہیں، این اے 52 میں ستر ہزار ووٹوں کا فرق تھا۔ کے پی کے میں تحریک انصاف کی جانب سے دھاندلی کیے جانے کے الزام پرانھوں نے کہا کہ یہ ممکن نظرنہیں آتا اورایسا کہنا بھی مناسب نہیں ہے، یہاں بھی جیت کا مارجن بہت زیادہ ہے، جے یوآئی (ف) چھ سات الیکشن لڑ چکی ہے اور جانتی ہے کہ دھاندلی کہاں اورکیسے ہوتی ہے۔

جہاں ان کا امیدوار دوسرے نمبر پر آیا ہے وہاں یہ ری کائونٹنگ کر وا لیں۔ تحریک انصاف کی رہنما شریں مزاری نے کہا کہ ہم نے پنجاب کے پورے نتائج کو مسترد نہیں کیا اب تک 21 حلقوں میں دھاندلی کے ثبوت دیئے ہیں اور پانچ چھ اورحلقوں کے دیں گے۔ ہم نے لاہور، نارووال اور دیگر حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کراچی کے تمام حلقوں میں انتخابات دوبارہ ہونے چاہیئں۔ الیکشن کمیشن نے اپنے بیان مین خود یہ تسلیم کیا ہے کہ وہ کراچی میں شفاف کرانے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔ انھوںنے کہا کہ کے پی کے میں ہم دھاندلی کیسے کرا سکتے ہیں، وہاں پرنگران حکومت ہے،



 

اس سے پہلے اے این پی کی حکومت تھی۔ مولانا فضل الرحمن نے پہلے ن لیگ کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کی کوشش کی مگرجب نواز شریف نے پی ٹی آئی کا احترم کرتے ہوئے ان کا ساتھ نہ دیا تو ان کو دھاندلی یاد آ گئی۔ دھاندلی کا خیال ان کو پہلے کیوں نہیں آیا۔ شیریں مزاری نے کہا کہ ن لیگ کے ساتھ ہمارے سیاسی اختلافات رہیں گے، ان کے ساتھ کوئی مک مکا نہیں ہوگا، دہشگردی اور دیگر قومی مسائل پر اختلافات ایک طرف رکھتے ہوئے ان کے حل کیلیے تعاون کریں گے۔ جے یو آئی (ف) کے رہنما اسماعیل بلیدی نے کہا کہ ن لیگ اور تحریک انصاف کی ڈیل ہوئی ہے، پورے پاکستان میں 50 فیصد دھاندلی ہوئی ہے، تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں ریکارڈ دھاندلی کی، ہماری اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کر دیا گیا، ہم نے الیکشن کمیشن کو تمام ثبوت فراہم کردیے ہیں، پورے کے پی کے میں دوبارہ شفاف انتخابات ہونے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔