حلف برداری سادہ کوئی غیر ملکی لیڈر نہیں آئے گا دفتر خارجہ

مودی کاعمران خان کوفون خوش آئند ہے، ڈاکٹر محمد فیصل


Numainda Express August 03, 2018
چین میں پاکستانی مسافروں کو گرفتار کرنے کی خبرغلط ہے،46میں سے صرف 15مسافروں کے ویزے کی میعادختم ہوئی،ترجمان کی پریس بریفنگ۔ فوٹو : فائل

ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ عمران خان کی حلف برداری میں کوئی بھی غیر ملکی لیڈر شرکت نہیں کرے گا اور تقریب سادگی سے ہوگی۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ میں ڈاکٹر محمد فیصل نے کہاکہ عام انتخابات کا انعقاد جمہوریت کے تسلسل اور اقتدار کی پر امن منتقلی کی جانب ٹھوس قدم ہے، اس سے قبل دو حکومتوں نے اپنی مدت پوری کی ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ شاہین ایئرلائن کی پرواز 29 جولائی کو اڑان نہ بھر سکی جس کے باعث 260 مسافر پھنس گئے، ان 260 میں سے اب صرف 46 افراد چین میں موجود ہیں جنھیں شاہین ایئر کی جانب سے رہائش اور دیگر سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں، بقیہ تمام مسافروں کو دوسری فلائٹس کے ذریعے پاکستان واپس پہنچایا جاچکا ہے اور شاہین ایئر نے یقین دہانی کرائی ہے کہ بقیہ تمام مسافروں کو کل تک متبادل فلائٹ کے ذریعے وطن واپس لایا جائیگا۔

ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ چین میں ویزے کی میعاد پوری ہونے کے بعد پاکستانی باشندوں کی حراست کی خبر سراسر غلط ہے، ایئرپورٹ پر رہ جانے والے 46 میں سے 15مسافروں کے ویزے کی میعاد ختم ہوچکی ہے تاہم ہمارے قونصلر نے چینی دفترخارجہ سے ملاقات کی ہے تاکہ ان کے چین سے نکلنے میں کوئی مسائل نہ ہوں، حراست سے متعلق جھوٹی خبر دو مسافروں نے پھیلائی جن کو کسٹم حکام نے ویزے کی معیاد ختم ہونے کے باعث پوچھ گچھ کی تھی۔

ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن کے قیام کیلیے ورکنگ گروپ کا اجلاس 22 جولائی کو کابل میں ہوا، ورکنگ گروپ اجلاس میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ملکرکام کرنیکا اعادہ کیا گیا۔

مقبول خبریں