سونا مزید 650 روپے سستا 53500 روپے تولہ ہوگیا

مئی میں اب تک قیمت 3500 روپے کم ہوچکی، اپرپل کے اختتام پر سونا 57 ہزار روپے تولہ تھا


Business Reporter May 17, 2013
چاندی کے بھاؤ بھی 70 روپے کم، 970 روپے سے گھٹ کر 900 روپے تولہ ہوگئے۔ فوٹو: فائل

بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 35 ڈالر کی کمی سے1377 ڈالر کی سطح تک پہنچنے کے باعث مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کو فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب650 اور557 روپے کی کمی واقع ہوئی۔

قیمتوں میں کمی کے نتیجے میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، ملتان، فیصل آباد، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر53500 روپے ہو گئی اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر45857 روپے ہوگئی۔ یاد رہے کہ مئی میں اب تک سونے کی تولہ قیمت میں 3500روپے کی کمی ہوچکی ہے۔



اپریل کے اختتام پر سونے کی قیمت 57 ہزار روپے تولہ تھی۔ دوسری طرف جمعرات کوچاندی کی تولہ قیمت بغیر کسی تبدیلی کے900 اور دس گرام 771.42 روپے پر مستحکم رہی، مئی کے ابتدائی16روز کے دوران چاندی کی تولہ قیمت میں 70 روپے کی کمی ہوئی، اپریل کے اختتام پر چاندی 970 روپے تولہ تھی۔