ٹریفک حادثات میں مسلسل اضافہ

آئل ٹینکر اور بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے


Editorial August 06, 2018
آئل ٹینکر اور بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے

خیبرپختونخوا کے شہر کوہاٹ میں انڈس ہائی وے پر آئل ٹینکر اور بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہو گئے جن میں کئی ایک کی حالت تشویش ناک ہے۔ تفصیلات کے مطابق مسافر بس سوات سے کراچی جا رہی تھی کہ کوہاٹ کے علاقہ لاچی کے قریب مخالف سمت سے آنے والے آئل ٹینکر سے ٹکرا گئی۔ یہ بات افسوسناک ہے کہ ہمارے یہاں ہونے والے ہونے والے بیشتر حادثات ڈرائیونگ میں بے احتیاطی اور لا پرواہی کی وجہ سے پیش آتے ہیں یا اناڑی پن کی وجہ سے لائسنس کے بغیر گاڑی چلانا بھی عموماً حادثہ پر منتج ہوتا ہے۔

پچاس ساٹھ مسافروں کو لے جانے والی بسوں کے ڈرائیوروں کی خصوصی جانچ پڑتال کی جانی چاہیے کیونکہ ان پر اتنی زیادہ زندگیوں کا انحصار ہوتا ہے۔پاکستان میں ٹریفک حادثات کی شرح شاید دنیا بھر میں سب سے زیادہ ہوگی اور ٹریفک حادثات کی تعداد میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔ اگر ٹریفک حادثات میں مرنے والوں کے اعدادوشمار اکٹھے کیے جائیں تو یقیناً پاکستان کا شمار ان ملکوں میں ہو گا جہاں ٹریفک حادثات میں سب سے زیادہ اموات ہوتی ہیں' کراچی اور لاہور جیسے بڑے شہروں میں ٹریفک حادثات میں مرنے والے لوگوں کی تعداد کا سالانہ میزانیہ مرتب کیا جائے تو اعدادوشمار سیکڑوں میں ہوں گے' اسی طرح ایک شہر سے دوسرے شہر جانے والی بین الاضلاعی بڑی شاہراہوں پر ہونے والے حادثات میں مرنے والوں کی تعداد بھی ہزاروں میں ہو گی' یہ انتہائی تشویشناک بات ہے' حکومت کو ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے مناسب اقدامات کرنے چاہئیں۔