آٹے کی سرکاری قیمت میں اضافہ کریانہ آئٹم کی پرائس لسٹ جاری

ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت میں 4روپے کلو،فائن آٹے کی قیمت میں 3روپے کلو اور چھوٹی چکی کے آٹے کی قیمت میں ایک روپے کا اضافہ


Business Reporter May 17, 2013
فوٹو : اے ایف پی / فائل

کنٹرولرجنرل آف پرائسز کمشنر کراچی نے آٹے کی سرکاری قیمت میں اضافہ کردیا جبکہ تھوک فروشوں کی جانب سے مختلف اقسام کی دال اور چاول کی قیمت میں اضافے کے دبائو کو مسترد کرتے ہوئے آئندہ 15دن کیلیے کریانہ آئٹم کی سرکاری پرائس لسٹ جاری کردی ہے۔

گندم اور آٹے کی قیمت مقرر کرنیکا اختیار سندھ حکومت کے فوڈ ڈپارٹمنٹ کے پاس ہے تاہم فلور ملوں کے دبائو پر آٹے کی سرکاری پرائس لسٹ میں قیمت بڑھانے کیلیے خصوصی طور پر فوڈ ڈپارٹمنٹ سے مشاورت کرکے گنجائش نکالی گئی، فلور ملز مالکان نے ڈھائی نمبر آٹا 37روپے کلو سے کم پر فروخت سے یکسر انکار کردیا ۔

جس کے بعد کمشنر کراچی نے ڈھائی نمبر آٹے کی تھوک قیمت میں 4 روپے کلو، فائن آٹے کی قیمت میں 3روپے کلو اور چھوٹی چکی کے آٹے کی تھوک قیمت میں ایک روپے کا اضافہ کردیا،اس اضافے کے بعد خوردہ سطح پر ڈھائی نمبر آٹا 38روپے کلو، فائن آٹا 40روپے کلو جبکہ چھوٹی چکی کا آٹا 42روپے کلو فروخت کیا جائیگا ،مارکیٹ میں پہلے ہی ڈھائی نمبر آٹا 40روپے اور فائن آٹا 42روپے قیمت میں فروخت ہورہا ہے۔

رواں ماہ کے پہلے پندرہ روز کیلیے جاری کردہ سرکاری پرائس لسٹ میں ڈھائی نمبر آٹے کی تھوک قیمت 33 روپے خوردہ قیمت 34.50روپے کلو، فائن آٹے کی تھوک قیمت 36اور خوردہ قیمت 38روپے کلو جبکہ چھوٹی چکی کے آٹے کی تھوک قیمت 39اور خوردہ قیمت 41روپے کلو مقرر کی گئی تھی، پرائس لسٹ کی تیاری کیلیے کراچی ہول سیل گروسرز ایسوسی ایشن نے مونگ کی دال کی تھوک قیمت میں 13سے 25 روپے، چنے کی دال کی قیمت میں 5روپے کلو، ارہر کی دال میں 5سے 8روپے کلو، مسور کی دال کی قیمت میں 6سے 7 روپے کلو،مسور ثابت کی قیمت میں 6 سے 10روپے کلو، مونگ کی چھلکے والی دال کی قیمت میں 15 سے 23روپے کلو، ماش چھلکا اور ثابت ماش کی قیمت میں 4 روپے کلو اضافے پر زور دیا ۔

تاہم اسسٹنٹ کمشنر (ٹو) نے تھوک فروشوں کے سروے کو مسترد کرتے ہوئے دالوں کی قیمت میں معمولی ردوبدل اور چاول کی پرانی قیمت کو برقرار رکھتے ہوئے نئی ریٹ لسٹ جاری کردی ،ریٹ لسٹ میں گھی تیل، سرخ مرچ، دھنیا، ہلدی کی بھی پرانی قیمت برقرار رکھی گئی، ریٹ لسٹ کے مطابق 31 مئی تک ماش کی دھلی دال درجہ اول تھوک سطح پر 95 روپے کلو، درجہ دوم 89روپے کلو، ماش چھلکا کالی 82 روپے کلو، ماش ثابت 82روپے کلو، مونگ کی دھلی دال درجہ اول 95سے بڑھا کر 100روپے کلو، مونگ درجہ دوم 87 سے بڑھا کر 92 روپے کلو، مونگ چھلکا 87سے بڑھا کر 92 روپے کلو، مونگ ثابت 87سے بڑھا کر 92 روپے کلو، ارہر کی دال کی قیمت 120 روپے کلو،

ارہر دوم 115 روپے کلو، مسور درجہ اول 89 سے بڑھا کر 92روپے کلو، مسور درجہ دوم 85 سے بڑھا کر 88 روپے کلو، مسور ثابت 78 سے بڑھا کر 81روپے کلو، مسور ثابت دوم 72سے بڑھا کر 76 روپے کلو، چنے کی دال درجہ اول 61سے بڑھا کر 64روپے کلو، دال چنا دوم 57سے بڑھا کر 58روپے کلو، کابلی چنا 84 روپے کلو، چھوٹا برما چنا 65 روپے کلو، کالا چنا 58سے بڑھا کر 60 روپے کلو کالا چنا دوم 55 سے بڑھا کر 56روپے کلو اور بیسن کی قیمت 63 سے بڑھا کر 64 روپے کلو مقرر کردی گئی،کھلے گھی کی قیمت 128 روپے کلو کھلے آئلین تیل کی قیمت 115 روپے کلو جبکہ کوکنگ آئل کی قیمت 153روپے لیٹر مقرر کی گئی ہے۔