ورلڈکپ 2019 کی تیاریوں کیلیے جامع پلان تیار

جونیئرزکی صلاحیتیں نکھارنے پرخصوصی توجہ،سینئرزکی خدمات بھی حاصل ہونگی


Sports Reporter August 08, 2018
ایونٹ سے ہی میگا پلان پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔فوٹو:فائل

قومی سلیکشن کمیٹی نے ورلڈکپ 2019 کی تیاریوں کیلیے جامع پلان تیار کر لیا۔

جونیئرز کی صلاحیتیں نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی، کپتان سرفراز احمد کو شعیب ملک، اظہر علی، محمد حفیظ، یاسر شاہ کی خدمات حاصل ہونگی، وہاب ریاض، محمد عرفان اور وقاص مقصود کی کارکردگی اور فٹنس پر مسلسل نظر رکھی جائے گی۔احمد شہزاد، عمر اکمل، کامران اکمل کا دور دور تک کوئی نشان نہیں۔

تفصیلات کے مطابق آ ئندہ برس انگلینڈ میں شیڈول ورلڈ کپ کی تیاریوں کیلیے قومی سلیکشن کمیٹی نے منصوبہ بندی کر لی ہے، ذرائع کے مطابق میگا ایونٹ کیلیے سینئر وجونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل بہتر کمبی نیشن تیار کیا جائے گا، شعیب ملک، اظہر علی، محمد حفیظ اور یاسر شاہ ورلڈکپ پلان میں شامل ہیں، دوسری جانب نوجوان کھلاڑی آصف علی، حسین طلعت، فہیم اشرف، شاداب خان، حسن علی اور عثمان شنواری بھی پلاننگ کا اہم حصہ ہیں، پیسرز محمد عامر، جنید خان، حسن علی، عثمان شنواری کی فٹنس اور ردھم بحال رکھنے کیلئے روٹیشن پالیسی اختیار کی جائے گی۔

سلیکشن کمیٹی فاسٹ بولرز وہاب ریاض، محمد عرفان اور وقاص مقصود کی کارکردگی کو بھی مسلسل مانیٹر کرے گی۔ ذرائع کے مطابق احمد شہزاد، عمر اکمل اورکامران اکمل ورلڈکپ پلان کا حصہ نہیں۔ میگا ایونٹ کیلیے ممکنہ اوپنرز میں فخر زمان، امام الحق، اظہر علی، شان مسعود اور محمد حفیظ شامل ہوں گے۔ قومی سلیکشن کمیٹی ایشیا کپ سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر کو بھی پلان سے آگاہ کرے گی، ایونٹ سے ہی میگا پلان پر عملدرآمد شروع ہو جائے گا۔