محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ ناگزیر

کسی بھی محنت کش کے حقوق کا تحفظ اور ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ مزدوروں کا استحصال نہ ہو۔


Editorial August 09, 2018
کسی بھی محنت کش کے حقوق کا تحفظ اور ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ مزدوروں کا استحصال نہ ہو۔ فوٹو: فائل

کراچی سپرہائی وے کے قریب فیکٹری کے سابق ملازم نے نوکری سے نکالنے اور واجبات کی عدم ادائیگی پر ملازمین کو اسلحے کے زور پرکئی گھنٹوں تک یرغمال بنائے رکھا۔ پانچ گھنٹے کے طویل مذاکرات کے بعد ملزم کوگرفتارکرلیا گیا۔ دراصل ہمارے یہاں آجر اور اجیرکے درمیان جو تعلق قانون کے مطابق قائم ہونا چاہیے وہ سرے سے اپنا وجود کھو چکا ہے ، اگرکوئی قانون پر عمل نہیں کرتا تواس کے لیے لیبر لاز اور محکمہ لیبر تو موجود ہے، لیکن نہ تو قوانین پر عمل ہوتا ہے اور نہ ہی لیبر انسپکٹر اپنے فرائض ادا کرتے ہیں ۔ یوں بے چارہ محنت کش طبقہ پس کر رہ جاتا ہے، سرمایہ دار جب چاہتے ہیں کسی بھی ورکرکو نکال دیتے ہیں ۔

جیسا اس خبر میں بتایا گیا ہے کہ ملزم کوکمپنی کے مالک نے مہنگی مشین کو نقصان پہنچانے کے الزام میں فیکٹری سے نکال دیا تھا، ملزم نے یرغمال بنائے ہوئے ایک ملازم کے موبائل فون سے بنائی جانے والی ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کروائی ، جوکچھ ہی دیر میں وائرل ہوگئی اور ٹی وی چینلز پر چلنے کے بعد مذکورہ واقعے سے خوف وہراس پھیل گیا ۔

ملزم نے اپنے ہمراہ لائے بیگ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ اس میں بارود ہے اور فائرکرنے پر دھماکا ہوجائے توکوئی بھی نہیں بچے گا ۔ محنت کش کی تنخواہ ادا نہ کرنا یقینا زیادتی کے مترادف ہے ، لیکن دوسری جانب جو طریقہ کار ملزم نے اختیارکیا اسے بھی کسی بھی طور درست نہیں کہا جاسکتا ۔اپنے سابق ساتھیوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنانا اوراس عمل کی وڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کروانا،ایک قابل مذمت فعل ہے ۔ جو ملازمین یرغمال تھے ان کے اہل خانہ کوکتنی ذہنی اذیت اور تکلیف برداشت کرنا پڑی، اس کا احاطہ الفاظ میں کرنا ناممکن ہے، اس ویڈیوکا چینلزاور سوشل میڈیا پر چلنا بھی ناپختہ ذہنوںکو جرائم پر آمادہ کرسکتا ہے ۔

میڈیا کو بھی اس ضمن میں انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے کیونکہ اس کے منفی اثرات معاشرے پر مرتب ہوسکتے ہیں ۔ بہرحال اس واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لینے کی اشد ضرورت ہے۔ سب سے پہلے توکسی بھی محنت کش کے حقوق کا تحفظ اور ٹھیکیداری نظام کا خاتمہ ضروری ہے تاکہ مزدوروں کا استحصال نہ ہو ، دوسرا محنت کشوں کا بھی فرض ہے کہ وہ اپنا کام نہایت ایمانداری سے سرانجام دیں کسی بھی انتہائی قدم سے گریزکریں ۔