دنیا بھر کی چینی مارکیٹس میں پاکستان مال قائم کرنے کا فیصلہ

پہلا مال دبئی کے چائنا ٹاؤن میں قائم، 200 دکانیں وشورومز پاکستانی مصنوعات کیلیے مخصوص


Business Reporter May 17, 2013
پہلا مال دبئی کے چائنا ٹاؤن میں قائم، 200 دکانیں وشورومز پاکستانی مصنوعات کیلیے مخصوص۔ فوٹو: فائل

پاکستان نے چین کی مدد سے دنیا بھر میں قائم چینی مصنوعات کی مخصوص مارکیٹس اور مالز میں پاکستانی مصنوعات کیلیے پاکستان مال قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پاکستانی و چینی مصنوعات کی ایک ہی جگہ سے مارکیٹنگ اور کاروباری مواقع فراہم کرنے کے اس منفرد منصوبے پر پہلا قدم اٹھاتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے ذریعے انٹرنیشنل مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کیلیے دبئی میں پاکستان مال قائم کردیا گیا ہے، دبئی کے چائنا ٹاؤن میں 200 بڑی دکانیں اور شورومز پاکستانی مصنوعات کیلیے مخصوص کیے گئے ہیں۔



ہوم پاکستان کمپنیز گروپ کے چیئرمین عظیم عادل شیخ نے ایک تقریب میں بتایا کہ چائنا ٹاؤن یو اے ای میں پاکستانی سرمایہ داروں کو کاروبار کرنے کی تمام سہولتیں اور مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا، پاکستان مال کا قیام پاکستانی کاروباری لوگوں کیلیے یو اے ای میں پاکستانی مصنوعات کے فروغ کا سنہری موقع ہے، چین کے ساتھ اشتراک سے دنیا میں جہاں چائنا مال ہونگے وہاں پر پاکستان مال بنیں گے۔