بروقت الیکشن کراکے دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنائے وزیر داخلہ

آئین کے دائرے میں نگراں وزیراعظم کاٹاسک پوراکیا،جنرل کیانی کوسلام پیش کرتاہوں.


INP/APP May 18, 2013
ملک حبیب کاقانون نافذکرنیوالے اداروں کے جوانوں، افسروں سے خطاب،میڈیاسے گفتگو. فوٹو : فائل

نگراں وفاقی وزیرداخلہ ملک حبیب نے تمام تر خدشات اور خطرات کے باوجود پرامن الیکشن کرانے کی ذمے داری نبھانے پر افواج پاکستان، وفاقی وصوبائی پولیس، رینجرز، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے عزم، حوصلے اور جرات کو سلام پیش کیا اور کہاکہ آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے ہم نے نگراںوزیراعظم کی طرف سے سونپا گیا ٹاسک کماحقہ' پورا کردیا۔

نان اسٹیٹ ایکٹرز کے تمام تر ناپاک عزائم ناکام بنادیے۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے جمعے کو لیاقت جمنازیم اسپورٹس کمپلیکس میں پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزارت داخلہ کے افسران، آئی جی پولیس اسلام آباد بنیامین اور دیگراداروں کے افسران بھی موجود تھے۔


وزیرداخلہ کو لا انفورسمنٹ فورسز کے چاق وچوبند دستوں نے گارڈآف آنر بھی پیش کیا۔ اپنے خطاب میں انھوں نے کہاکہ انتخابات نہ ہونے سے متعلق چہ میگوئیاں گردش میں تھیں اور نان اسٹیٹ ایکٹرز کی طرف سے ایکشن کو سبوتاژ کرنے کی سنگین دھمکیاں مل رہی تھیں جس پر نگراںوزیراعظم نے وزارت داخلہ کو ٹاسک دیا۔

انٹیلی جنس شیئرنگ کو یقینی اور بروقت بناکر دہشت گردوں کے عزائم کو خاک میں ملایا، بارڈر کو بھی سیل کیاگیا جس سے دہشت گردی کے واقعات کی روک تھا م ہوئی۔ چنانچہ اکادکا واقعات کے علاوہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا جس میں افواج پاکستان نے بھی پہلی مرتبہ ایسا کردارادا کیا جس پر پاک فوج کی قیادت بالخصوص جنرل کیانی کو سلام پیش کرتاہوں۔ انھوں نے کہاکہ اس کے علاوہ وزارت داخلہ اور صوبوں کے ماتحت فورسز جن میں ایف سی، رینجرز، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی پورے عزم اور حوصلے کے ساتھ فرائض سرانجام دیتے رہے اور پوری قوم بھی خصوصی مبارک باد کی مستحق ہے جس نے بڑھ چڑھ کر الیکشن میں حصہ لیا۔