کہیں دھاندلی کے شواہد ہیں تو الیکشن کمیشن جانا چاہیے خرم دستگیر

کراچی این اے 250 میں دوبارہ پولنگ کا فیصلہ الیکشن کمیشن کا اپنا ہے ہمارا نہیں، عارف علوی


Monitoring Desk May 18, 2013
تحریک انصاف سے جھگڑا نہیں ہمارا تو الیکشن کمیشن سے گلہ ہے، واسع جلیل، تکرا رمیں گفتگو۔ فوٹو: فائل

مسلم لیگ( ن) کے رہنما خرم دستگیر نے کہا ہے کہ پاکستان میںپہلی مرتبہ اتنے وسیع پیمانے پر شفاف انداز میں انتخابات ہوئے ہیں اگر کہیں دھاندلی کی شکایت ہے اور شواہد بھی ہیں تو الیکشن کمیشن کے پاس جانا چاہئے ۔

ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگو میں انہوں نے کہاکہ احتجاج کرنا دھرنا دینا جمہوری حق ہے لیکن اگر کسی کے پاس دھاندلی کے شواہد نہیں ہیں تو ہمیں رک جانا چاہئے۔الیکشن کو شفاف بنانے کے الیکشن کمیشن کو آزاد اور خود مختار بنایا گیا ہے جس پر تمام سیاسی جماعتیں متفق تھیں، اب دھرنا احتجاج کچھ مناسب نہیںلگتا۔ اب اصل جنگ تو الیکشن کمیشن کے دفتر میں لڑنے والی ہے ۔کراچی میں جن پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ تاخیر سے ہوئی یا ہوئی ہی نہیں یا وہاں پر بیلٹ باکس یا بیلٹ پیپر نہیں پہنچے ،ان ملازمین کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

تحریک انصاف کے رہنما ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ کراچی میں این اے 250 میں 43 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کرانے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کا اپنا ہے ہمارا نہیں، ہم تو کہتے ہیں سارے کراچی میں پھر سے الیکشن کرالیا جائے، ہم نہتے احتجاج کررہے ہیں ہمارا ایم کیو ایم سے کوئی جھگڑا نہیں ہے، ہم تو الیکشن کمیشن کے نتائج پر احتجاج کررہے ہیں ۔جب 12 بجے تک پولنگ کا عملہ نہیں آیا پولنگ شروع نہ ہوسکی اور بیلٹ باکس بھی نہ پہنچ سکے تو میرے پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔



میں الیکشن کمیشن کے دفتر پہنچا اور ان کو اپنی تشویش سے آگاہ کیا جس پر انھوں نے کہاکہ ہمارے پاس گاڑی نہیں ہے، آپ گاڑی ارینج کردیں میں نے 2گاڑیاں ان کو دیں جن میں الیکشن کمیشن کا عملہ بیٹھا ۔آگے رینجرز کی گاڑی اورپیچھے پولیس کی گاڑی تھی پھر میں نے بیلٹ باکس پولنگ اسٹیشن تک پہنچائے۔ یہ ہی میری غلطی ہے اور اس موقع پر تصاویر کو سوشل میڈیا پر منفی انداز میں پیش کیا گیا۔کراچی کا حل ہی منصفانہ الیکشن ہے ۔ایم کیو ایم کے رہنما واسع جلیل نے کہا کہ این اے 250 میں 180 پولنگ اسٹیشن آتے ہیں لیکن کئی پولنگ اسٹیشنوں پر 11بجے تو کہیں 12 بجے پولنگ شروع ہوئی کہیں ہوئی ہی نہیں ہم نے اسی وقت پریس کانفرنس کرکے اپنی تشویش کا اظہارکیا تھا۔ ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ پورے حلقے میں دوبارہ پولنگ ہوجائے لیکن ایسا نہیں ہوا۔ہمار اتحریک انصاف سے کوئی جھگڑا نہیں ہے ہم تو الیکشن کمیشن سے گلہ کررہے ہیں۔