ایس اینڈ پی کابھارت کو ’’جنک‘‘ اسٹیٹس دینے کی دھمکی

اصلاحی عمل تعطل کاشکار،معاشی نموکوخطرات لاحق ہیں،ریٹنگ گراسکتے ہیں،عالمی فرم


AFP May 19, 2013
اصلاحی عمل تعطل کاشکار،معاشی نموکوخطرات لاحق ہیں،ریٹنگ گراسکتے ہیں،عالمی فرم . فوٹو: فائل

بین الاقومی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ایس اینڈ پی نے بھارت کو اقتصادی واصلاحات سے متعلق تحفظات پر کریڈٹ ریٹنگ گرا کر ''جنک'' اسٹیٹس دینے کی دھمکی دیدی جس پر بھارتی وزارت خزانہ نے حیرانگی کا اظہار کیا ہے۔

گزشتہ روز جاری بیان میں ایس اینڈ پی نے کہاکہ بھارت کے سرمایہ کاری گریڈریٹنگ سے ہاتھ دھونے کا 33 فیصد خدشہ ہے۔ یاد رہے کہ بھارت کو پہلے ہی اپنی ہم عصر ابھرتی معیشتوں برازیل، روس، چین اور جنوبی افریقہ کے مقابلے میں نچلے درجے کی سرمایہ کاری کریڈ ٹرپل بی مائنس ریٹنگ حاصل ہے اور اگریہ بھی ہاتھ سے نکل گئی تو بھارت کوقرضے لینے کیلیے بھاری سودا ادا کرنا ہوگا۔ ایس اینڈ پی کا کہنا ہے کہ آئندہ12ماہ کے دوران بھارتی ریٹنگ میں کمی کا 33فیصد امکان ہے، پارلیمنٹ میں اصلاحی عمل تعطل کا شکار ہونے کے باعث بھارتی معاشی نمو میں کمی کے خطرات ریٹنگ میں کمی کی وجہ بن سکتے ہیں، اگربھارتی معاشی نمو 7 سے8 فیصد تک پہنچنے کی امید نہ ہوئی توریٹنگ گرائی جا سکتی ہے۔



بھارتی وزارت خزانہ نے ایس اینڈ پی کے اعلان پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ حکومت بھارتی مالیاتی پوزیشن میں بہتری، سرمایہ کاری کے فروغ اور اقتصادی بحالی کیلیے اقدامات کررہی ہے اور ریٹنگ اپ گریڈ کی امید کررہی ہے۔ وزارت خزانہ کیلیے چیف اکنامک ایڈوائزر رگھورام راجن نے ایس اینڈ پی کے بیان کو مایوس کن قراردیا۔ کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری (سی آئی آئی) نے ایس اینڈ پی کے اقتصادی آئوٹ لک کو ''تلخ'' قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کرنٹ اکائونٹ خسارے پرقابو پانے کی کوششیں کر رہی ہے تاہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ حکومتی مدت 2014 میں ختم ہونیوالی ہے، وقت کم ہے، وزیراعظم کو پارلیمنٹ میں اپنے اصلاحی ایجنڈے کو تیزی سے مکمل کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں