کشمیر پاکسان کا حصہ ہے بھارت نے کروڑوں عوام کی زندگی داؤ پر لگا رکھی ہے میر واعظ

نہرو نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا، چیئرمین حریت ، مسلح گروپ کے حملے میں بھارتی فوج کا افسر ہلاک۔


Net News/APP May 19, 2013
بانڈی پورہ میں ریلی پر پولیس کا تشدد، 5 زخمی، مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی امن ہوگا، جموں و کشمیر پیپلز موومنٹ۔ فوٹو: اے پی پی/فائل

کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے مسئلہ کشمیرکو بھارت کی وعدہ خلافیوں کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ1947 میں برصغیر کی تقسیم کے وقت کشمیر قدرتی طور پر پاکستان کا حصہ تھا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ نے سرینگر میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے کشمیریوں کو حق خود ارادیت دینے کا وعدہ کیا تھا تاہم چھ دہائیاںگزرنے کے باوجود اس وعدے کو پورا نہیں کیا گیا۔ میر واعظ نے کہا کہ بھارت کی وعدہ شکنیوں کی وجہ سے اس وقت جنوبی ایشیا کے کروڑوں لوگوں کی زندگیاں دائو پر لگی ہوئی ہیں۔ مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کی اکائی جموں وکشمیر پیپلز موومنٹ نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو حل کرکے ہی خطے میں مستقل امن کا قیام یقینی بنایا جاسکتا ہے۔



ادھر مقبوضہ کشمیر کے علاقے بانڈی پورہ میں بھارتی پولیس کی طرف سے پر امن مظاہرین پر وحشیانہ تشدد کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوج کی پندرہویں کور نے دعویٰ کیا ہے کہ آزاد کشمیر سے مسلح افراد کے ایک گروپ نے بھارتی علاقہ میں داخل ہونے کی کوشش کی جس کے دوران شدید تصادم ہوا۔ بھارتی فوج نے کہا ہے کہ اس تصادم میں ایک فوجی افسر ہلاک ہو گیا۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ دراندازی کی یہ کوشش جمعے اور سنیچر کی درمیانی شب کو شمالی کشمیر کے ماڑھیل سیکٹر میں کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں