پروازوں میں تاخیر کے بعد پی آئی اے کے مسافروں کو سامان بھی دیر سے ملنے لگا

اسٹاف رپورٹر  اتوار 12 اگست 2018
سامان پہنچانے والا ٹرک خراب ہوگیا تھا،ذرائع،گزشتہ روزایک پرواز بھی مسافروں کاسامان جناح ٹرمینل پرچھوڑگئی تھی. فوٹو: فائل

سامان پہنچانے والا ٹرک خراب ہوگیا تھا،ذرائع،گزشتہ روزایک پرواز بھی مسافروں کاسامان جناح ٹرمینل پرچھوڑگئی تھی. فوٹو: فائل

کراچی: پی آئی اے کی پروازوں کی تاخیر کے بعد اب مسافروں کو سامان بھی دیر سے ملنے لگا۔

ہفتے کی دوپہر لاہور سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 303کے مسافر تو جہازسے اتر کر لائونج میں پہنچ گئے مگر ان کا سامان نہیں پہنچا ،مسافر کئی گھنٹے سامان کی ترسیل کے خودکار بیلٹ کے گر د کھڑے رہے ،اس دوران انھوں نے قومی ائیر لائن کے عملے کی جانب سے سست روی پر احتجاج بھی کیا۔

ذرائع کا کہناتھا کہ کنونیر بیلٹ تک سامان پہنچانے والا ٹرک خراب ہوگیا تھا جس کی وجہ سے پرواز اترنے کے کافی دیر بعد بھی سامان مسافروں کے حوالے نہیں کیا جاسکاتھا ،تاہم بعدازاں پی آئی اے حکام کو مسافروں کی حالت پر رحم آیا اور طویل انتظار کے بعد سامان ان کے حوالے کردیا گیا۔

واضح رہے کہ دوروز قبل بھی پی آئی اے کی کراچی سے سیالکوٹ جانے والی پرواز بھی 55مسافروں کا سامان جناح ٹرمینل پر چھوڑ گئی تھی ،جسے بعد میں قومی ایئر لائن انتظامیہ نے ایک دوسری پرواز کے ذریعے سیالکوٹ بھیجا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔