میر واعظ نظر بند متعدد کارکن گرفتار حریت کانفرنس نے ’’عیدگاہ چلو‘‘ کال دیدی

بھارتی پولیس نے مزار شہدا خانیارسے متصل پارک کو سیل کر دیا،ایکشن کمیٹی کی گاڑیاں بند، بینر اور پوسٹر اتاردیے.


Online/APP May 20, 2013
کارکن 21مئی کو عید گاہ پہنچ کر کال کو کامیاب بنائیں، ترجمان حریت کانفرنس،آسیہ اندرابی کو علی گیلانی کی عیادت سے روک دیا گیا. فوٹو: اے پی پی/فائل

ISLAMABAD: مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے 21مئی کو 'عید گاہ چلو' کی کال کا اعادہ کرتے ہوئے لوگوں پر زور دیا ہے کہ وہ ہفتہ شہادت کے سلسلے میں دی جانے والی کال کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے حریت چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند رکھنے کی شدید مذمت کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے میرواعظ عمر فاروق کو سرینگر کے علاقے راجوری کدل کے اسلامیہ ہائیر سیکنڈری اسکول میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب سے واپسی پر گھر میں نظر بند کر دیا۔ادھر بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس نے مزار شہدا خانیارسے متصل پارک کو سیل کر دیا جہاں میر واعظ کو سیمینار سے خطاب کرنا تھا۔ پولیس نے کئی حریت کارکنوں کو بھی گرفتار کر لیا۔ ترجمان نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کی گاڑیوں کو بند کر دیا گیا جبکہ کارکنوں کو ہراساں کیا گیا۔



انھوں نے کہا کہ شہر کے متعدد مقامات پر لگے پارٹی پوسٹروں اور بینروںکو اتار لیا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ قابض انتظامیہ نے ایک بار پھرکشمیریوں کی جد وجہد آزادی کو دبانے کے لیے غیر جمہوری اور عوام دشمن پالیسیاں شروع کر دی ہیں لیکن ان آمرانہ اقدامات سے تحریک آزادی کے رہنمائوں کے عزم صمیم کو متزلزل نہیں کیا جاسکتا۔ دوسری جانب مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پولیس نے دختران ملت کی چیئرپرسن آسیہ اندرابی کو سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی کی رہائش گاہ میں داخل ہونے سے روک دیا ۔

دختران ملت کی ترجمان نے کہاکہ آسیہ اندرابی سید علی گیلانی کی عیادت کرنا چاہتی تھیں لیکن بزرگ رہنما کے گھر کے مرکزی دروازے پر موجود بھارتی پولیس اہلکاروں نے انھیں اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ انھوں نے کہاکہ گھر میں داخلے کی اجات نہ ملنے پر آسیہ اندرابی نے بزرگ رہنما سے فو ن پر بات کی لیکن ان کی مداخلت کے باوجود آسیہ اندرابی کو اندر نہیںجانے دیا گیا۔ دریں اثناء آسیہ اندرابی نے کہا کہ سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کو فوجی چھائونی میں تبدیل کر دیا گیا ہے اور وہاں صرف باوردی اہلکار دیکھے جاسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں