پی سی بی فیلڈنگ کوچ بیری کو ’’کیچ‘‘ نہ کرپایا

اسپورٹس رپورٹر  منگل 14 اگست 2018
اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ رہیں گے ، پیشکش کیے جانے پر مکی آرتھر کا مشکور ہوں، فیملی کے سبب انٹرنیشنل ٹورز مسائل پیدا کرسکتے تھے،فیلڈنگ کوچ
۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد یونائیٹڈ سے وابستہ رہیں گے ، پیشکش کیے جانے پر مکی آرتھر کا مشکور ہوں، فیملی کے سبب انٹرنیشنل ٹورز مسائل پیدا کرسکتے تھے،فیلڈنگ کوچ ۔ فوٹو: فائل

 لاہور:  پی سی بی فیلڈنگ کوچ ڈیرن بیری کوکیچ نہ کرپایا، معاہدے اور تقررمیں غیرمعمولی تاخیر کی وجہ سے سابق آسٹریلوی کرکٹر بدظن ہوگئے، ذاتی اور پیشہ ورانہ وجوہات کی بنا پر پاکستان کیلیے کام کرنے سے انکار کردیا، پی ایس ایل کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ اوربنگلہ دیش پریمیئر لیگ کیساتھ وابستہ رہیں گے۔

ڈیرن بیری کا کہنا ہے کہ پیشکش کرنے پر مکی آرتھر کا شکر گزار ہوں، بات چیت بڑی مثبت اورحوصلہ افزا رہی،انٹرنیشنل ٹورز 3 کم عمر بچوں کی فیملی کیلیے مسائل پیدا کرسکتے تھے،مستقبل میں کسی مواقع سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کروں گا۔پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ کارروائی مکمل کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی،اشتہار کا طریقہ کار اپنانے کے بعد شرائط پربات چیت چل رہی تھی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیم کے فیلڈنگ کوچ اسٹیو رکسن نے رواں سال جون میں پی سی بی کے ساتھ معاہدے میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

ان کا خلا پر کرنے کیلیے ڈیرن بیری ایک مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے، ہیڈ کوچ مکی آرتھر کی سفارش پر پی سی بی اور 1989سے 2004 کے درمیان 153فرسٹ کلاس میچزکھیلنے والے کرکٹر سے پی سی بی حکام کی بات چیت جون کے تیسرے ہفتے میں شروع ہوئی،ڈیرن بیری نے جولائی میں دورہ زمبابوے کیلیے قومی ٹیم کوجوائن کرنا تھا لیکن پی سی بی کا اس ضمن میں کارروائی کیلیے طریقہ کار طویل ہونے کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہوسکا۔

بعدازاں کوشش کی جارہی تھی کہ ستمبر کے وسط میں شروع ہونے والے ایشیا کپ سے قبل 25اگست کو ہی وہ ذمہ داریاں سنبھال لیں،معاہدے پر فریقین کا اتفاق ہوچکا تھا،سابق آسٹریلوی کرکٹر نے کینیڈا میں گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ کو بھی نظر انداز کردیا تھا لیکن بعد ازاں پی سی بی کی جانب سے تقرر میں غیر معمولی تاخیر کو دیکھتے ہوئے انھوں نے ارادہ بدل دیا،ڈیرن بیری نے پاکستان ٹیم کی کوچنگ سے تو انکار کردیا،تاہم آئندہ پی ایس ایل سیزن کیلیے اسلام آباد یونائیٹڈ کیساتھ معاہدے کی تجدید کرلی،بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کے ساتھ بدستور کام کرتے رہنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ڈیرن بیری نے ’’کرک انفو‘‘ کو انٹرویو میں معاہدہ نہ کرنے کی وجوہات ذاتی اور پیشہ ورانہ بتائی ہیں،ان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ کیلیے کام کی پیشکش کرنے پر مکی آرتھر کا شکر گزار ہوں۔

پی سی بی کیساتھ بات چیت بڑی مثبت اور حوصلہ افزا رہی،بہرحال میں نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 3کم عمر بچوں کی فیملی کے ہوتے ہوئے انٹرنیشنل میچز کیلیے درکار سفر میرے لیے مسائل پیدا کرسکتا ہے،فی الحال اسلام آباد یونائیٹڈ کیلیے کام جاری رکھوں گا،مستقبل میں انٹرنیشنل کوچنگ کے مواقع سے فائدہ اٹھاسکتا ہوں۔پی سی بی کے ایک عہدیدار کا کہنا ہے کہ فیلڈنگ کوچ کے تقرر کی کارروائی مکمل کرنے میں کوئی تاخیر نہیں ہوئی،اسٹیورکسن کا معاہدہ جون کے آخر تک تھا،نئے کوچ کے تقرر کیلیے دیے گئے اشتہار میں درخواست جمع کروانے کی ڈیڈلائن 27جون تھی،اس کے بعد ڈیرن بیری کے ساتھ شرائط پر بات چیت چل رہی تھی لیکن انھوں نے ذاتی وجوہات کی بناپر معذرت کرلی۔

یاد رہے کہ سکاٹ لینڈ کیخلاف 2ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریزکے بعد سے پاکستان ٹیم کو کسی فیلڈنگ کوچ کی خدمات حاصل نہیں، ٹرینر گرانٹ لیوڈن عبوری طور پر یہ ذمہ داری سنبھالے ہوئے ہیں،ڈیرن بیری کو بھی کرکٹ کوچنگ میں نمایاں مقام حاصل ہے، فرسٹ کلاس کرکٹ میں ان کی ٹیم ریڈ بیکس 4میں سے 3سیزنز میں آخری نمبر پر رہی،تاہم ساؤتھ آسٹریلیا کیلیے 4سال کام کیا اور ٹیم 2010/11کا بگ بیش ٹائٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی، اسلام آباد یونائیٹڈ کی فیلڈنگ نکھارنے میں بھی ان کا اہم کردار رہا ہے، ڈیرن بیری کو کیچ کرنے میں ناکام پی سی بی کونئے کوچ کی تلاش کیلیے بہتر فیلڈنگ کرنا ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔