جشن آزادی ہوائی فائرنگ سے 33 افراد زخمی سڑکوں پر بدترین ٹریفک جام

یوم آزادی کی رات کو منچلے شہری بلا خوف فائرنگ کرتے رہے


Staff Reporter August 15, 2018
جشن آزادی بدترین ٹریفک جام کی نذرہوگیا،اہم شاہراہوں،سڑکوں اورچوراہوں پرگاڑیوں کی طویل قطاریں، فوٹوفائل

لاہور: یوم آزادی پر شہر کے مختلف علاقوں میں کی جانے والی ہوائی فائرنگ کے واقعات میں کمسن بچے اور 6 خواتین سمیت 33 افراد زخمی ہوگئے جنھیں شہرکے مختلف اسپتالوں میں طبی امداد کے لیے منتقل کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق پیراور منگل کی درمیانی شب جشن آزادی کی خوشی میں شہرکے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں زخمی ہونے والے 9 افراد کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جن میں بلال کالونی تھانے کی حدود نازیہ اسکوائر سے45 سالہ اقبال ولد رفیق، سر سید تھانے کی حدود نارتھ کراچی سیکٹر11 بی سے50 سالہ سہیل ولد حمید خان، نیوکراچی تھانے کی حدود نیو کراچی سے 55 سالہ فاروق ولد احمد، سچل تھانے کی حدود عباس ٹا?ن سے 22 سالہ سجاد ولد نواز،تیموریہ تھانے کی حدود بفرزون سیکٹر 11 ایفورسے42 سالہ عابدہ دختر شاہد،رضویہ تھانے کی حدود رضویہ سے40 سالہ شیر بازولد میر بازخان ، سرجانی ٹاؤن تھانے کی حدود کنیر فاطمہ اللہ والی چورنگی سے یونس ولد فقیر ولد عبدالرزاق ،جمشید کوارٹرزتھانے کی حدود اسلامیہ کالج کے قریب سے عروج زوجہ نوید،جوہرآباد تھانے کی حدود ایف بی ایریا بلاک 9 سے25 سالہ حسن ولد عارف علی شامل ہیں، جشن آزادی پرفائرنگ سے زخمی ہونے والے 5 افراد سول اسپتال پہنچائے گئے۔

جن میں بغدادی تھانے کی حدود سلاٹر ہاؤس کے قریب سے 35 سالہ محمد نواز ولد محمد ایاز ، شیر شاہ تھانے کی حدود شیر شاہ محمد روڈ سے50 سالہ اشرف ولد اللہ بخش ،مدینہ کالونی تھانے کی حدود بلدیہ سیکٹر فائیو جی سے12سالہ سمیرولد یونس،بغدادی تھانے کی حدود آئی سی آئی کے قریب برج سے18 سالہ عبدالواحد ولد حضرت علی ،سچل تھانے کی حدود سکندر گوٹھ سے 7 سالہ عاقب خان شامل ہیں،جشن آزادی پر ہوائی فائرنگ سے زخمی ہونے والے 15 افراد کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

جن میں زمان ٹاؤن تھانے کی حدود سے25 سالہ محمد حسن ولد غازی ،بریگیڈ تھانے کی حدود خداد کالونی سے29سالہ طوبیٰ شکیل،گلشن قبال تھانے کی حدود لال فلیٹ سے18 سالہ ملہار ولدغلام حسین،کورنگی تھانے تھانے کی حدود کورنگی نمبر6 سے 55 سالہ محمد سہیل ولد شمشیر، ملیر سٹی تھانے کی حدود انورمٹن کے قریب سے 22 سالہ میرعلی ولد جمعہ خان ،محمد علی بروہی گوٹھ سے 35 سالہ فرمان اللہ ولد نواز خان، ملیر کالا بورڈ سے 11 سالہ سلیمان ولد کاشف،جہانگر روڈ نمبر5 سے 50 سالہ تاج بی بی ،ڈائمنڈ سوسائٹی جونیجو گوٹھ کے قریب سے27سالہ حسن ولد حبیب اللہ ،اخترکالونی سیکٹرای 43 سالہ تہمینہ زوجہ راشد،لسبیلہ کمپا?نڈ سے55 سالہ فیروززوجہ تسکین،شاہ فیصل کالونی تھانے کے علاقے عظیم پورہ سے19 سالہ رضوان ولد عبدالجبار،باکی اسٹیڈیم کے قریب سے24 سالہ نصیب خان ولد حکم داد، پی آئی بی کالونی تھانے کی حدود سے 26 سالہ وقاص ولد امریز،لیاقت آباد تھانے کی حدود سے 30 سالہ آصف ولد قمر الدین شامل ہیں۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے4 افراد کو لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا جن میں عامرکالونی سے36 سالہ یوسف ولد عظیم خان، اسلامیہ کالج سے26 سالہ عبدالقادر ولد اقبال،گلستان جوہر کے پہلوان گوٹھ سے22 سالہ علی رضا ولد محمد ریاض،نیو ٹاؤن تھانے کی حدود سے چاندنی چوک جعفر آرکیڈ کے قریب سے25 سالہ عتیق ولد عبدالرشید شامل ہیں۔

ٹریفک پولیس کی روایتی بے حسی اور غفلت نے شہریوں کے لیے یوم آزادی کے جشن کو بدترین ٹریفک جام کی اذیت میں بدل دیا، شہر کی اہم شاہراہوں، سڑکوں اور چوراہوں پرگاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں، ٹریفک پولیس ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے میں بری طرح ناکام رہی، پیپلز چورنگی پر ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے شہریوں سے لٹیروں نے لوٹ مار کی۔

تفصیلات کے مطابق یوم آزادی کا جشن منانے کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد نے گھروں سے نکل کر مختلف مقامات کا رخ کیا تاہم ان کی یہ خوشی اس وقت بدمزہ ہوگئی جب ٹریفک پولیس کی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے شہر کی اہم شاہراہوں ، چوراہوں اور چوکوں پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا شہری گاڑیوں سمیت کئی کئی گھنٹے تک ٹریفک جام میں پھنسے رہے اس موقع پر کئی مقامات سے ٹریفک پولیس کے اہلکار غائب رہے، شہری اپنی مدد آپ کے تحت ٹریفک کنٹرول کرتے رہے کئی مقامات پر شہریوں کی جلد بازی سے تلخ کلامی کے واقعات ہوئے، ٹریفک پولیس کی روایتی بے حسی اور غفلت سے راشد منہاس روڈ ، سہراب گوٹھ ، گلستان جوہر ،کارساز،سی ویو،نمائش چورنگی ، شارع قائدین ، پیپلز چورنگی مزار قائد، گرومندر ، تین ہٹی ، برنس روڈ ، شارع فیصل ، سولجر بازار ، گارڈن ، یونیورسٹی روڈ،شاہراہ پاکستان،ڈیفنس اور کلفٹن اور شہر کی بیشتر شاہراہوں، سڑکوں اور چوراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا۔

انڈر پاس ، فلائی اوور اور سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں دکھائی دیں،کئی گاڑیوں میں ایندھن ختم ہوگیا جبکہ متعددگاڑیاں گرم ہونے کی وجہ سے بند ہوگئیں،یوم آزادی کا جشن منانے نکلنے والے شہری سڑکوں پر پریشانی اور اذیت سے دوچار رہے،بدترین ٹریفک جام کا ڈاکوؤں اورلٹیروں نے بھی خوب فائدہ اٹھایا اور پیپلز چورنگی مزار قائد کے قریب4موٹر سائیکلوں پر سوار نصف درجن سے زائد ڈاکوؤں نے ٹریفک جام میں پھنسے ہوئے20 سے زائد شہریوں کو اسلحے کے زور پر سرعام موبائل فون، نقدی اور طلائی زیورات سے محروم کردیا،لٹنے والے شہریوں نے بتایا کہ واردات کرنے والے ڈاکوؤں نے شلوار قمیص اور پی کیپ پہنا ہوا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے