نجی شعبہ دفاعی برآمدات کے فروغ میں کردار ادا کرے، جنرل زبیر

کامرس رپورٹر  جمعـء 17 اگست 2018
آٹو میٹک رائفلز،مشین گنز،اینٹی ایئرکرافٹ ہتھیاراوربم،شولڈرفائرراکٹ، ہینڈ گرینیڈزاوردیگر مصنوعات میں وزیٹرزکی دلچسپی۔ فوٹو : فائل

آٹو میٹک رائفلز،مشین گنز،اینٹی ایئرکرافٹ ہتھیاراوربم،شولڈرفائرراکٹ، ہینڈ گرینیڈزاوردیگر مصنوعات میں وزیٹرزکی دلچسپی۔ فوٹو : فائل

 لاہور: چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا ہے کہ نجی شعبہ دفاعی برآمدات کو فروغ دینے میں کردار ادا کرے۔

جنرل زبیر محمود حیات نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر ملک طاہر جاویداور ڈی جی ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل احمد محمود حیات کے ہمراہ اپنی نوعیت کی پہلی ’’سپلائرز اینڈ وینڈرز دفاعی نمائش‘‘ (سیوڈکس) کا ایکسپو سینٹر لاہور میں افتتاح کردیا۔

تقریب میں بریگیڈیئر وحید امتیاز، سینئر نائب صدر لاہور چیمبر خواجہ خاور رشید، نائب صدر ذیشان خلیل کموڈور طارق محمود، کموڈور طاہر، سابق صدور، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران اور مقامی و غیرملکی افراد کی بڑی تعداد شریک تھی۔ سیوڈکس 2018کے ساتھ ’’پاکستان ڈیفنس انڈسٹری، ایکسپورٹ پوٹینشل، چیلنجزاینڈ پراسپیکٹس‘‘ کے نام سے سیمیناربھی منعقد کیا گیا۔

نمائش میں پاکستان آرڈیننس فیکٹری کی تیار کردہ تمام دفاعی مصنوعات پیش کی گئیں جن میں آٹو میٹک رائفلز،مشین گنز،اینٹی ایئرکرافٹ ہتھیار اور بم، شولڈر فائر راکٹ،ہینڈ گرینیڈزاوردیگر مصنوعات میں وزیٹرزنے دلچسپی لی۔

افتتاحی خطاب میں چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے کہا کہ نجی شعبہ دفاعی برآمدات کو فروغ دینے میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے، دفاعی مصنوعات کی پیداوار اور ایکسپورٹ بڑھانے کے لیے نجی شعبے کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دفاعی شعبے میں پیداوار بڑھا کر اور برآمدات کو بہتر بناکرپاکستان بین الاقوامی دفاعی مارکیٹ کا بڑا حصہ حاصل کر سکتا ہے۔ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرکے تحت کام کرنا ہو گا تاکہ بہتر نتائج حاصل ہوسکیں۔

ڈی جی، ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن میجر جنرل احمد محمود حیات نے اپنے خطاب میں منسٹری آف ڈیفنس پروڈکشن، جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز، پاکستان کی مسلح افواج، پبلک پرائیویٹ سپلائرز اور وینڈرز، لاہور چیمبر کا سیوڈکس نمائش اور ڈیفنس انڈسٹری سیمینار منعقد کرنے کے لیے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔

صدر لاہور چیمبر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ آج لاہور چیمبر کی تاریخ کا ایک اور یادگار دن ہے، لاہور چیمبر ’’سیوڈیکس 2018‘‘ منعقد کرنے کے لیے ڈیفنس ایکسپورٹ پروموشن آرگنائزیشن کا مشکور ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر ’’سیوڈکس‘‘ کوپاکستان کی دفاعی پیداوار بڑھانے کے لیے ایک سنگ میل بنانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کیلیے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر پر دفاعی شعبے سے منسلک پبلک سیکٹر آرگنائزیشنز کا اعتماد بڑھنا ہمارے لیے اعزاز اور حوصلہ افزائی کی بات ہے۔

صدر لاہور چیمبر نے کہا کہ پاکستان کی دفاعی برآمدات میں اضافہ کر کے تجارت میں عدم توازن کو دور کیا جاسکتا ہے، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیوڈکس سے بہت امیدیں وابستہ ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ سیوڈکس کے ذریعے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری پبلک سیکٹر آرگنائزیشنز کے ساتھ مل کر کام کرنے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے، لاہور چیمبر ملکی معیشت کے فروغ کے لیے آئندہ بھی اس طرح کے پروگرام کرتا رہے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔