پی سی بی کے حوالے سے پریزنٹیشن کی تیاری شروع

وزارت بین الصوبائی رابطہ نامزد وزیراعظم وپیٹرن عمران خان کو رپورٹ پیش کرے گی


Sports Reporter/Zulfiqar Baig August 17, 2018
چارج سنبھالنے کے بعد بورڈ آف گورنرزکا اجلاس طلب کرنے کا کہیں گے،ذرائع۔ فوٹو:فائل

وزارت بین الصوبائی رابطہ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تمام امور پر جامع پریذنٹیشن کی تیاری کا آغاز کر دیا۔

نئی حکومت کی تشکیل کے بعد جہاں بڑے اداروں میں تبدیلیوں کا موسم آنے والا ہے، وہاں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی تبدیلی کی بازگشت بھی سنائی دے رہی ہے، وزارت بین الصوبائی رابطہ نے بورڈ میں ہونے والے فیصلوں، پاکستان سپر لیگ اور دیگر امور کے حوالے سے تمام تر تفصیلات طلب کرلی ہیں۔

لا ڈویژن کے افسر نے نمائندہ ''ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نامزد وزیراعظم عمران خان خود بھی کرکٹر رہے ہیں، اس لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ پاکستان کرکٹ کو موثر انداز میں چلانے کے لیے پلان تشکیل دے گی۔

انھوں نے کہاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ خود مختارہ ادارہ اور اپنے وسائل سے کام کرتا ہے، آئین کے تحت تمام اسپورٹس فیڈریشنز کو مستقل وزارت کا حصہ بنانے کے لیے پی سی بی کو پاکستان اسپورٹس کے ساتھ منسلک کیا گیا ہے۔ پیٹرن ان چیف کا چارج سنبھالنے کے بعد وزیراعظم پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت دیں گے،اس کے بعد نئے چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔

یاد رہے کہ پی سی بی میں اس وقت965 ملازم ہیں، ان میں407 ریگولر، 212 کنٹریکٹ، 2 افسران ڈیپوٹیشن، 253 ریجنل اسٹاف موجود ہیں، نئے سیٹ اپ میں یہ تعداد بھی کم کی جا سکتی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔