کراچی فائرنگ کے واقعات میں متحدہ کے 2 کارکنوں سمیت 9 افراد ہلاک

قائد آباد میں اے این پی عہدیدار کی دکان پر دستی بم حملہ، لیاری میں فائرنگ کا سلسلہ جاری، گینگ وار کے اہم ملزمان گرفتار


Staff Reporter May 21, 2013
اورنگی ساڑھے 11،اقبال مارکیٹ،لانڈھی،اولڈ جناح ٹرمنل،گلبہار، ناظم آباد، ڈینسو ہال،محمدی کالونی میں فائرنگ کے واقعات فوٹو: فائل

لاہور: شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں متحدہ قومی موومنٹ کے 2کارکنوں سمیت 9 افراد ہلاک اور 4زخمی ہوگئے۔

قائد آباد میںاے این پی عہدیدار کی دکان پر دستی بم حملہ کیا گیا۔ لیاری کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ جاری ہے، گینگ وار کے اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے۔اورنگی ٹاؤن کے سیکٹر ساڑھے11 میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 47 سالہ محمد جمال عرف سراج ولد شہادت حسین ہلاک ہوگیا، ایس ایچ او اقبال مارکیٹ امجد کیانی نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول متحدہ قومی موومنٹ کے یونٹ 118-A کا کارکن اور زیڈ ایم سی میں بطور ڈرائیور ملازمت کرتا تھا۔گلبہار کے علاقے ناظم آباد چورنگی سرسید گرلز کالج کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے کار پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 25 سالہ فواد ولد ابرار جاں بحق جبکہ اس کا بھائی محمد اظہر زخمی ہوگیا، مقتول فواد متحدہ قومی موومنٹ کا کارکن اور رضویہ سوسائٹی کا رہائشی تھا، لانڈھی کے علاقے زمان آباد سیکٹر 36-B میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے کامران عرف کامی ولد اسحاق ہلاک ہوگیا۔ مقتول مہاجر قومی موومنٹ کارکن تھا۔

ایس ایچ او لانڈھی خالد ندیم بیگ کا کہنا ہے کہ فوری طور پر مقتول کی سیاسی وابستگی کے حوالے سے معلوم نہیں ہوسکا، مقتول کی جیب سے ملنے والے خط سے شبہ ہے کہ قتل کی واردات محبت کا چکر معلوم ہوتی ہے۔ اولڈ جناح ٹرمنل پر سگنل کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 37 سالہ ناصر محمود ولد خلیل احمد ہلاک ہوگیا، مقتول کے بھائی ارشد محمود نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول شاہ فیصل کالونی 3 نمبر کا رہائشی اور 2 بچوں کا باپ تھا، وقوعہ کے وقت وہ اپنے بیوی بچوں کو تفریح کی غرض سے ایئرپورٹ کی جانب جارہا تھا کہ نامعلوم مسلح افراد نے موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیا چھین کر گولی مار دی۔ گلبہار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ حامد ہلاک جبکہ ارشد زخمی ہوگیا۔



ایس ایچ او رضویہ نوید ناصر نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول کشمیری امام بارگاہ کے عقب کا رہائشی تھا اور مقامی اسکول میں وین چلاتا تھا۔ ناظم آباد میں عباسی شہید اسپتال کے ٹراما سینٹر کے سامنے والی گلی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے کار سوار 20 سالہ جنید ولد سلامت گل ہلاک ہوگیا، مقتول اپنی کار رجسٹریشن نمبر ADX-551 میں جارہا تھا کہ سرکاری نمبر پلیٹ لگی موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان نے اس پر فائرنگ کردی، ڈینسو ہال کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسٹیٹ لائف بلڈنگ کا لفٹ آپریٹر 48 سالہ یعقوب علی ولد ابراہیم خان ہلاک ہوگیا، میٹھادر پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان جنریٹر کی دکان پر ڈکیتی کے بعد فرار ہورہے تھے پولیس بھی ان کا پیچھا کررہی تھی، اس دوران ملزمان کی فائرنگ کی زد میں آکر یعقوب ہلاک ہوگیا۔

کھوکھراپار کے علاقے میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 35 سالہ مہتاب الدین ولد کریم دین ہلاک ہوگیا۔ کیماڑی کے علاقے مسان چوک پر مکان کے اندر سے لاش ملی جوکہ 3 دن پرانی بتائی جاتی ہے۔ ڈاکس کے علاقے محمدی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سنی تحریک کا کارکن 22 سالہ زاہد قادری ولد موسیٰ قادری زخمی ہوگیا۔ اورنگی ٹاؤن کے علاقے اقبال مارکیٹ کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے انعام اللہ زخمی ہوگیا۔ لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 افراد زخمی ہوگئے ، دریاآباد ، چاکیواڑہ ، ہنگورآباد ، کلری اور دیگر علاقوں میں پیر کو فائرنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا جس کی وجہ سے دکانیں و کاروباری مراکز بند ہوگئے، ایس پی لیاری نجم الدین ترین نے ایکسپریس کو بتایا کہ پولیس و رینجرز نے عثمان آباد ، افشانی گلی اور دیگر مقامات سے 5 افراد کو حراست میں لے کر ان کے قبضے سے بھاری مقدارمیں اسلحہ بھی برآمد کرلیا، انھوں نے کہا کہ لیاری گینگ وار کے اہم ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے تاہم فوری طور پر نام ظاہر نہیں کیے جاسکتے۔

علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال کے باعث متعدد افراد علاقے سے نقل مکانی کرگئے ہیں۔قائد آباد کے علاقے اسپتال چورنگی کے قریب اے این پی کے علاقائی عہدیدار سراج لالہ کی دکان نیو مکہ آٹوز آئل چینج پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان دستی بم پھینک کر فرار ہوگئے ۔ دستی بم دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی اور بھگدڑ مچ گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ایچ او شبیر خان کا کہنا ہے کہ دھماکے سے دکانوں کے شیشے ٹوٹنے سے 2 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں تاہم فوری طور پر یہ نہیں کہا جا سکتا کہ واقعہ بھتے کا تنازعہ ہے یا دشمنی، پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں