کیریبیئن لیگ میں 34 چھکوں کے ساتھ ریکارڈز کی برسات

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 18 اگست 2018
94کی طوفانی اننگز،ٹرائنباگونے ایونٹ کا دوسراسب سے بڑاہدف213عبورکیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

94کی طوفانی اننگز،ٹرائنباگونے ایونٹ کا دوسراسب سے بڑاہدف213عبورکیا۔ فوٹو: سوشل میڈیا

گروس آئیلٹ: کیریبیئن پریمیئر لیگ میں چھکوں کے ساتھ ریکارڈز کی بھی برسات ہو گئی۔

ٹرائنباگو نائٹ رائیڈرز نے سینٹ لوشیا اسٹارز کو 5 وکٹ سے شکست دیے دی، ڈیرن براوو نے 36 گیندوں پر 94 کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، انھوں نے 10 چھکے اور6 چوکے جڑے، میچ میں مجموعی طور پر 34 چھکے لگائے گئے، یوں عالمی ریکارڈ برابر ہوگیا،براوو نے حریف بولر پولارڈ کو ایک اوورمیں پانچ چھکے بھی جڑے، ناکام سائیڈ نے 16 اور فاتح الیون نے18بلند وبالااسٹروکس کھیلے،ٹرائنباگو نے 19.5 اوورز میں 5 وکٹ پر 218رنز بناکر فتح سمیٹ لی۔

فاتح الیون نے ایونٹ کی تاریخ میں دوسرا سب سے بڑا ہدف عبور کیا،اس دوران اختتامی 5 اوورز میں 85 رنز بھی بٹورے، اگرچہ اننگز کا آغاز پُراعتماد نہیں ہوا تھا لیکن ڈیرن براوو کے لاٹھی چارج نے مقابلے کو دلچسپ بنا دیا، اوپنرز سنیل نارائن 9 اورکرس لین4رنز کے مہمان ثابت ہوئے، کولن منرو بھی 25رنز بناکرپویلین لوٹ گئے،برینڈن میک کولم 68 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے، دنیش رامدین 8 پر ناٹ آؤٹ رہے۔

کورنویل اور مچل میک گلیشن نے 2،2 وکٹیں لیں۔ قبل ازیں ناکام سائیڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 212 رنز بنائے، ڈیوڈ وارنر72 پرناٹ آؤٹ رہے، راہکیم کورنویل53 رنزبناکر میدان بدر ہوئے، دونوں نے 79 رنز کی شراکت بھی بنائی،کیرون پولارڈ نے 23 بالز پر 65 رنز اسکور کیے، انھوں نے 18 بالز پر تیز ترین ففٹی سے سہیل تنویر کا ریکارڈ برابر کردیا، سہیل نے یہ کارنامہ سینٹ لوشیا کیلیے بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کیخلاف 2014 میں انجام دیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔