ایشیا کپ کی میزبانی؛ بھارت اور یو اے ای میں معاہدے پر دستخط

اسپورٹس ڈیسک  ہفتہ 18 اگست 2018
انتظامی امور دبئی اسپورٹس سٹی کو سونپنے پر بی سی سی آئی میں اختلافات ۔فوٹو: فائل

انتظامی امور دبئی اسپورٹس سٹی کو سونپنے پر بی سی سی آئی میں اختلافات ۔فوٹو: فائل

 دبئی /  ممبئی:  ایشیا کپ کی میزبانی کیلیے بھارتی اور یواے ای بورڈز کے مابین معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

ایشیا کپ کا انعقاد بھارت میں ہونا تھا لیکن 6ملکی ٹورنامنٹ میں شرکت سے پاکستان کے ممکنہ انکار کے پیش نظر اسے یواے ای منتقل کرنا پڑا، پہلا میچ 15ستمبر کو کھیلا جائیگا،گذشتہ روز ٹورنامنٹ کی میزبانی کے حوالے سے بھارتی اور یواے ای کرکٹ بورڈز کے مابین معاہدے پر دستخط ہوگئے۔

اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے اماراتی بورڈ کے چیئرمین شیخ نیہان بن مبارک النہیان نے کہا کہ ایشیا کپ کا انعقاد ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے،یوں تو یواے ای کو ماضی میں کئی انٹرنیشنل ٹیموں کی میزبانی کا اعزاز حاصل ہوا لیکن ایشیاکپ اب تک کا سب سے بڑا ایونٹ ہوگا،ہم اس ٹورنامنٹ کو کامیاب اور یادگار بنانے کے لیے ہرممکن سپورٹ فراہم کریں گے۔

بی سی سی آئی کے قائم مقام سیکریٹری امیتابھ چوہدری نے کہاکہ ایشیا کپ میں کرکٹ کی کئی سپرپاورز موجود ہوںگی،ہمیں پوری امید ہے کہ شاندار مقابلے دنیا بھر کے کرکٹ شائقین کی توجہ کا مرکز بنیں گے۔

دوسری جانب ایشیا کپ کے انتظامی امور دبئی اسپورٹس سٹی کو دیے جانے پر بی سی سی آئی حکام میں اختلافات سامنے آگئے ہیں،خزانچی انیردھ چوہدری کی جانب سے چیف ایگزیکٹیو آفیسر راہول جوہری کو بھیجی جانے والی ای میل میں کہا گیا کہ ایونٹ کے انعقاد میں معاونت کے لیے دبئی اسپورٹس سٹی کو 8ملین ڈالر دیے جا رہے ہیں، یہی کام بی سی سی آئی خود کرتا توصرف 5ملین ڈالر خرچ ہوتے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔