ایشین گیمز کا میلہ آج جکارتہ میں سجے گا

اسپورٹس رپورٹر  ہفتہ 18 اگست 2018
افتتاحی تقریب کا شام7 بجے آغاز،رضوان سینئر پرچم اٹھائیں گے۔ فوٹو: رائٹرز

افتتاحی تقریب کا شام7 بجے آغاز،رضوان سینئر پرچم اٹھائیں گے۔ فوٹو: رائٹرز

 لاہور:  18ویںایشین گیمز کا میلہ ہفتے کو انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں سجے گا جب کہ افتتاحی تقریب شام 7 بجے گیلورا بنگ کارنو اسٹیڈیم اوتاما پر منعقد ہوگی۔

ایشین گیمز کا باقاعدہ آغاز ہفتے سے انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں ہوگا۔ 2 ستمبر تک  جاری رہنے والے ایشیائی ایونٹ میں 45 ملکوں کے کھلاڑی سائیکلنگ، بیس بال، ایکیوسٹرین، سیلنگ، کبڈی، باکسنگ،  جمناسٹک، ووشو، ٹیبل ٹینس، ویٹ لفٹنگ، گالف، ہینڈ بال، والی بال، فٹبال، شوٹنگ، روئنگ اور ہاکی سمیت 40 کھیلوں کے465  ایونٹس کے دوران اپنی صلاحیتوں کا اظہار کریں گے۔

یہ بات قابل ذکر ہے کہ 2014 میں انچیون ایشین گیمز میں مجموعی طور پر 1454 میڈلز  کا فیصلہ ہوا تھا، ان میں439گولڈ،  439 سلور اور 576 برونز میڈلز شامل تھے، 345  میڈلز کے ساتھ  چین سرفہرست تھا، 228 میڈلز کے ساتھ جنوبی کوریا دوسرے اور 200 میڈلز کے ہمراہ  جاپان تیسرے نمبر پر رہا، اسی طرح  قازقستان  84 میڈلز کے ساتھ  چوتھے، ایران 57 میڈلز کے ساتھ پانچویں،  47 میڈلز کے ساتھ  تھائی لینڈ چھٹے نمبر پر رہا، شمالی کوریا  ساتویں، بھارت آٹھویں ، چائینز تائپے نویں اور  قطر دسویں نمبر پر رہا۔ پاکستانی دستہ ان گیمز  میں ایک گولڈ، ایک سلور اور 3 برانز میڈلز حاصل کرنے میں کامیاب رہا  اور اس کا شریک ممالک میں 23 واں نمبر  رہا۔

گیمز کے دوران 359 رکنی قومی دستہ 35 ایونٹس میں حصہ لے گا۔ سید عاقل شاہ دستے کے چیف ڈی مشن، ڈی جی پاکستان اسپورٹس بورڈ عارف ابراہیم، سیکریٹری ٹیبل ٹینس فیڈریشن احمر ملک دستے کے ڈپٹی چیف ڈی مشن ہیں، میڈیکل اسٹاف میں ڈاکٹر اسد عباس، سبینا مشتاق اور عبدالقدوس جمالی شامل ہیں، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے نائب صدر کیپٹن (ر) محمد عابد قادری کے مطابق  قومی ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینئر دستے کی قیادت کرتے ہوئے پرچم اٹھائیں گے۔ پی او اے کے عہدیدار کے مطابق  کبڈی، ہاکی، کراٹے، شوٹنگ و دیگر مختلف کھیلوں میں میڈلز کے لیے پُرامید ہیں۔

ادھر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹینٹ جنرل (ر) سید عارف حسن نے ایتھلیٹ ولیج میں قومی ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار، ہیڈکوچ رولینٹ اولٹمنز، کپتان محمدرضوان سینئر اور ٹیم کے دیگرکھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔

اس موقع پر پاکستانی دستے کے چیف ڈی مشن سید عاقل شاہ، پی او اے کے نائب صدور چوہدری یعقوب، شوکت جاوید اور سیکریٹری جنرل خالد محمود بھی ہمراہ تھے، صدر پی او اے کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم سے قوم کو بہت توقعات ہیں،  پچھلے چند ماہ میں ہاکی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے، ہاکی ٹیم کا مورال بلندکرنے کیلیے افتتاحی تقریب میں قومی دستے کی قیادت کپتان محمد رضوان سینئرکو دی گئی ہے، امید ہے ہاکی ٹیم کی جانب سے اچھی خبر ملے گی۔

قومی ہاکی ٹیم کے منیجر حسن سردار کا کہنا تھا  کہ کھلاڑی ایشین گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلیے سخت محنت کررہے ہیں،  ٹیم کا کمبی نیشن اچھا ہے،  پریکٹس میچ میں جاپان کوشکست دی ہے، دیگر ٹیموں کو فوکس کیا ہوا ہے اور حکمت عملی کے تحت گراؤنڈ میں اتریں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔