زرعی شعبے کو گزشتہ 10 ماہ میں 2591 ارب کے قرضے فراہم

زرعی بینک 44 ارب، اے بی ایل، ایچ بی ایل، ایم سی بی، این بی پی و یو بی ایل نے 139 ارب دیے


Business Reporter May 22, 2013
پنجاب کوآپریٹو 5.7 ارب، 14 نجی بینک 56 ارب، مائیکرو فنانسرز نے 13.7 ارب جاری کیے۔ فوٹو: رائٹرز/ فائل

بینکوں کی جانب سے رواں مالی سال کے پہلے 10ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران زرعی شعبے کو جاری کردہ قرضے سال بہ سال 15.74فیصد یا 35.23 ارب روپے کے اضافے سے 259.1 ارب روپے تک پہنچ گئے۔

گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 223.85 ارب روپے کے قرضے جاری کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ مرکزی بینک نے بینکوں کے لیے رواں مالی سال میں زرعی قرضوں کے اجرا کا علامتی ہدف 315 ارب روپے مقرر کیا ہے۔ اسٹیٹ بینک آف پاکستان سے جاری اعدادوشمار کے مطابق 5 بڑے کمرشل بینکوں بشمول الائیڈ بینک لمیٹڈ، حبیب بینک لمیٹڈ، ایم سی بی بینک لمیٹڈ، نیشنل بینک آف پاکستان اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے مجموعی طور پر15.49 فیصد کے اضافے سے 139.07 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 120.41 ارب روپے کے زرعی قرضوں کا اجرا ہوا تھا۔



گزشتہ 10 ماہ کے دوران سب سے بڑے اسپیشلائزڈ بینک زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (زیڈٹی بی ایل) نے 44.25 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں43.90 ارب روپے کے قرضے دیے گئے تھے، مذکورہ مدت میں پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈ (پی پی سی بی ایل) نے 5.66 ارب روپے کے قرضے دیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں6.35 ارب روپے کے قرضوں کا اجرا ہوا تھا۔

اس دوران 14 ملکی نجی بینکوں نے بھی مجموعی طور پر56.36 ارب روپے کے قرضے جاری کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 44.14 ارب روپے زرعی قرضے فراہم کیے گئے تھے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق 5 مائیکرو فنانس بینکوں بشمول خوشحالی بینک لمیٹڈ، این آر ایس پی مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ، دی فرسٹ مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ، پاک عمان مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ اور تعمیر مائیکرو فنانس بینک لمیٹڈ نے جولائی تا اپریل کے دوران 13.73 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کیے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے کے دوران9.03 ارب روپے کے زرعی قرضے جاری کیے گئے تھے۔ا