چھکوں کی برسات؛ سینٹ لوشیا اسٹارز نے رسوائی کے داغ دھو دیے

اسپورٹس ڈیسک  اتوار 19 اگست 2018
عرفان خالی ہاتھ رہے، 427 میچزکھیلنے کے بعد کیرون پولارڈ کی پہلی سنچری۔ فوٹو: سوشل میڈیا

عرفان خالی ہاتھ رہے، 427 میچزکھیلنے کے بعد کیرون پولارڈ کی پہلی سنچری۔ فوٹو: سوشل میڈیا

گروس آئیلٹ:  چھکوں کی برسات میں سینٹ لوشیا اسٹارز نے رسوائی کے داغ دھو دیے۔

آندرے فلیچر نے محمد عرفان کے پہلے ہی اوور میں لیگ سائیڈ کی جانب 2 چھکے اور مڈ آن و پوائنٹ کی جانب چوکے جڑ کر 20 رنز بنائے، اگلے اوور میں ڈیوڈ وارنر نے فلیچر کی نقل کرنا چاہی مگر جیسن ہولڈر کی دوسری ہی گیند پر وکٹ کیپر پوران کے ہاتھوں صفر پر کیچ ہوگئے، راہکیم کورنوال ایک بار پھر ون ڈائون پوزیشن پر بہترین پنچ ہٹر ثابت ہوئے جنھوں نے 11بالز پر 30 رنز بنائے، انھیں وہاب ریاض نے بولڈ کیا، لینڈل سمنز کو صفر پر وہاب کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔

سینٹ لوشیا اسٹارزکو اگلے ایک گھنٹے میں فلیچر اور پولارڈ کی چوتھی وکٹ کیلیے 148 رنز کی شراکت نے 205 کے مجموعے پر پہنچا دیا، فلیچر نے 34 بالز پر سنچری مکمل کی اور 52 گیندوں پر 6 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 80 رنز بناکر وہاب کی گیند پر عرفان کا کیچ بنے، پولارڈ نے رائفر کی وکٹ بننے سے 54 بالز پر 104 رنز بنائے، یہ ان کے کیریئر کی مختصر ترین فارمیٹ میں پہلی سنچری ہے جو427 ٹوئنٹی 20 میچز کھیل کر بنائی، سینٹ لوشیا اسٹارز نے 6 وکٹ پر 226 رنز اسکور کیے جو سی پی ایل میں کسی بھی ٹیم کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔

اسی طرح 17 چھکے ایک اننگز میں سکسرز کی دوسری بڑی تعداد ہے، وہاب نے 3 وکٹیں لیں، محمد عرفان خالی ہاتھ رہے، جواب میں بارباڈوس ٹرائیڈینٹس کی ٹیم 6 وکٹ پر 188 رنز تک محدود رہی، ڈیوائن اسمتھ نے 58 رنز بنائے، یہ 2 برس اور 14 میچز بعد سینٹ لوشیا اسٹارز کی پہلی اور ایونٹ میں مجموعی طور پر پانچویں فتح ثابت ہوئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔