حیدر آباد شدید گرمی میں بجلی کے ستائے شہری سڑکوں پر آگئے

شدید گرمی میں حیسکو اور واسا کے ستائے شہری سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے۔


Numainda Express May 22, 2013
حیدرآباد میں حیسکو کے دعوؤں کے برعکس روزانہ 16 سے 18گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم اور کاروباری و صنعتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں. فوٹو: فائل

حیدرآباد میں شدید گرمی میں بجلی کی علانیہ و غیر علانیہ طویل لوڈشیڈنگ سے شہر میں پینے کے پانی کا بھی بحران پیدا ہو گیا اور کئی علاقے قلت آب کا شکار ہو گئے ۔

بجلی و پانی کی عدم فراہمی کے خلاف شہری سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ دوسری جانب بجلی کی لوڈشیڈنگ سے انٹرمیڈیٹ کا امتحان دینے والے طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ حیدرآباد میں حیسکو کے دعوؤں کے برعکس روزانہ 16 سے 18گھنٹے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے جس سے شہریوں کے معمولات زندگی درہم برہم اور کاروباری و صنعتی سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں، بجلی کی بندش سے سب سے زیادہ انٹر کا امتحان دینے والے طلبہ متاثر ہو رہے ہیں، جو رات میں لوڈشیڈنگ کے باعث سکون سے امتحانات کی تیاری نہیں کر پاتے اور نہ ہی دن میں بجلی بند رہنے سے امتحان صحیح طریقے سے دے پاتے ہیں۔

کئی امتحانی مراکز میں کمرے تنگ و تاریک ہیں، جس کے باعث طلبہ موم بتیاں بھی ساتھ لے کر جاتے ہیں اور بجلی بند ہونے پر ان موم بتیوں کی روشنی میں پرچے حل کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس صورتحال کے باعث کئی طلبہ کا قیمتی تعلیمی سال شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ دوسری جانب بجلی کی بندش سے شہر و لطیف آباد اور قاسم آباد کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران پیدا ہو گیا ہے، جس سے شہری دُہرے عذاب میں مبتلا ہیں۔ شدید گرمی میں حیسکو اور واسا کے ستائے شہری سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہو گئے۔



منگل کو المصطفیٰ ٹاؤن میں پانی کی قلت کے خلاف پیپلز پارٹی شہید بھٹو نے واد ھواہ روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا جس میں شریک افراد نے پانی کی عدم فراہمی پر متعلقہ ادارے اور افسران کے خلاف شدید نعرے بھی لگا اس موقع پر مجید سیال و دیگر نے بتایا کہ واسا کی جانب سے شہر کے مختلف علاقوں سمیت المصطفیٰ ٹاون قاسم آباد میں بھی گزشتہ کئی دنوں سے پانی کی فراہمی بند ہے جس کے باعث مکین در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں، شہریوں کے مطابق وہ بازار سے مہنگا پانی خریدنے پر مجبور ہیں ۔

جس کے نتیجے میں ان کا معاشی بجٹ بری طرح متاثر ہورہاہے۔انھوں نے اعلیٰ حکام سے اپیل کی کہ پانی کی عدم فراہمی کا نوٹس لیاجائے۔دوسری جانب قاسم آباد فیز ون کے رہائشیوں نے بجلی کی بندش کے خلاف حیسکو سب ڈویژن قاسم آبادکے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا،مظاہرین نے حیسکوکے خلاف نعرے لگائے اور پتھر ڈالکر سڑک بلاک کردی جس کے نتیجے میں ٹریفک معطل ہوگئی۔

مظاہرین نے بتایا کہ ان کے علاقے میں ایک گھنٹے کیلیے بجلی آتی ہے اور دوگھنٹوں کے لیے چلی جاتی ہے بجلی کی آنکھ مچولی نے جہاںلوگوںکا جینا محالکر رکھا ہے وہیں گھریلو قیمتی برقی آلات بھی جل گئے ہیں جب کہ بجلی کی بندش کے باعث علاقے میں پانی کا بحران بھی پیدا ہوگیا اور مکین بوند بوند کو ترس گئے ہیں، انھوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلیے موثر اقدامات کیے جائیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں