کراچی شہر میں فائرنگ و تشدد میاں بیوی سمیت 8 ہلاک

کنواری کالونی میں گھر کے اندر میاں بیوی کو گولیاں مارکر قتل کیا گیا


Staff Reporter May 22, 2013
کنواری کالونی میں گھر کے اندر میاں بیوی کو گولیاں مارکر قتل کیا گیا. فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات کا سلسلہ منگل کو بھی جاری رہا جس کے دوران میاں بیوی سمیت8افراد ہلاک ہوگئے ۔

تفصیلات کے مطابق پیر اور منگل کی درمیانی شب پیر آباد تھانے کی حدود میں کنواری میں مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر خاتون سمیت 2 افراد کو اندھا دھند فائرنگ کر کے قتل کردیا ، ہلاک ہونیوالے افراد کی شناخت 22 سالہ احمد شاہ ولد داؤڈشاہ اور اس کی اہلیہ 18سالہ ثنا ذوجہ احمد شاہ کے نام سے ہوئی ہے جو میاں بیوی تھے۔ پولیس نے کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثا کے والے کردیں، ایس ایچ او انسپکٹر معید احمد نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ 6 ماہ قبل مقتولین نے گھروں سے بھاگ کر شادی کی تھی۔

قتل میں مقتولہ کے 2 بھائی بہادر ، اصغر اور والدہ پلوشہ ملوث ہیں اور پولیس نے تینوں ملزمان کو گرفتار کر کے مقتول کے بھائی اکبر شاہ کی مدعیت میں ملزمان خلاف مقدمہ الزام نمبر204/2013 بجرم دفعہ 302کے تحت درج کر لیا ہے۔ سائٹ B تھانے کی حدود واقع رہائشی اپارٹمنٹ لیبر اسکوائر کے فلیٹ نمبر226 سے خاتون سمیت2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کو واقعے کا علم اس وقت ہوا جب فلیٹ سے دھواں دیکھ کر اہل محلہ نے پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچی تو فلیٹ کے ایک کمرے میں 32 سالہ نزہت عرف انعم ناز زوجہ کاشف جبکہ دوسرے کمرے میں 50 سالہ ملک محمد اعجاز ولد فتح محمد کی لاش پڑی تھی۔ دونوں کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا اور ملزمان نے ملک اعجاز کی لاش کو جلانے کی بھی کوشش کی۔

مقتول ملک اعجاز محکمہ پولیس میں اے ایس آئی بتایا جاتا ہے اور وہ سیکیورٹی زون ٹو میں تعینات تھا۔کلفٹن میں سرکاری کوارٹرز میں رہائش پذیر اور3 بچوں کا باپ تھا جبکہ آبائی تعلق سرگودھا سے تھا۔ مقتولہ نزہت عرف انعم اسٹیج ڈانسر اور ایک بچے کی ماں تھی۔ پولیس کو شبہ ہے کہ مقتولہ کے شوہر کاشف نے دونوں کو ناجائز تعلقات کے شبے میں قتل کیا۔محمود آباد تھانے کی حدود میں اختر کالونی سیکٹر E گلی نمبر 11میں واقع مکان سے 60سالہ خاتون کی لاش برآمد ہوئی جسے گلا دبا کر قتل کیا گیا۔ بعدازاں خاتون کی شناخت زینت زوجہ صابر مسیح کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق مقتولہ کو اس کے اپنے بیٹے جانسن نے قتل کیا ہے جو اپنی والدہ سے نشے کے لیے پیسے مانگ رہا تھا۔ منگھوپیر تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس نجی کمپنی کے قریب جھاڑیوں سے 40 سالہ شخص کی تشدد زدہ لاش ملی۔



پولیس کے مطابق نامعلوم شخص کو اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بنایا گیا اورسر پر گولی مار کر قتل کرنے کے بعد لاش پھینک دی گئی ۔ مقتول کے ہاتھ بندھے ہوئے تھے اور اس نے جینز کی پینٹ اور ٹی شرٹ پہن رکھی تھی۔ دریں اثنا لسبیلہ چوک کے قریب فائرنگ سے ذاتی جھگڑے میں2 افراد سجاد ولد غلام حیدر اور عبید ولد عبدالعزیز زخمی ہوگئے۔ جیکسن تھانے کی حدود میں گلشن سکندر آباد عمر خان روڈ کے قریب فائرنگ سے عبدالغفور ولد الہی بخش اور فرزانہ زوجہ عبدالغفور زخمی ہو گئی۔ایس ایچ او فتح محمد شیر کے مطابق فائرنگ زخمی میاں بیوی کے پڑوسی میر بہادر نے کی جس کی گرفتاری کیلیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ قائد آباد کے علاقے میں چھولے فروخت کرنے والے کی ریڑھی میں سلنڈر پھنٹے سے ایک بچہ معمولی زخمی ہو گیا۔

فائرنگ سے عزیز آباد تھانے کی حدود کریم آباد پل کے نیچے 50سالہ احسان اﷲ ولد جان محمد،بلدیہ 8 نمبر میں ناصر ولد فدا حسین زخمی ہوگیا۔ پیر آباد کے علاقے بنارس فرنٹیر کالونی رحمانیہ محلے کے رہائشی 40 سالہ عمر عزیز یوسف زئی ولد ممریز خان یوسف زئی کو نامعلوم ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا اورفرار ہو گئے، مقتول دونوں ٹانگوں سے معذور تھا جبکہ اس کی والدہ بھی معذور ہیں ، آبائی تعلق سوات سے تھا، قائد آباد کے علاقے اسپتال چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے5 سالہ بچہ ماسٹر لقمان ولد مشتاق ہاتھ پر گولی لگنے سے زخمی ہو گیا ۔

جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال پہنچایا گیا ، نیو کراچی سیکٹر 5/G چاند مارکیٹ کے قریب پرنٹنگ پریس کے سامنے نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ارشاد زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا ، شارع نورجہاں کے علاقے نارتھ ناظم آباد سخی حسین چورنگی کے قریب فائرنگ سے نجی اسپتال کا سیکیورٹی گارڈ50سالہ انعام ولد نوید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال پہنچایا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں