نوازشریف لوڈشیڈنگ بحران پر مکمل قابو پالینگے ڈاکٹر مصدق

ریاست کمزور ہوچکی، انفرااسٹرکچر کی تنظیم نوکی ضرورت ہے’’ کل تک‘‘ میں جاویدچوہدری سے گفتگو.


Monitoring Desk May 22, 2013
ریاست کمزور ہوچکی، انفرااسٹرکچر کی تنظیم نوکی ضرورت ہے’’ کل تک‘‘ میں جاویدچوہدری سے گفتگو فوٹو : فائل

نگراں وزیرپانی وبجلی ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاہے کہ میاں نوازشریف لوڈشیڈنگ کے بحران کوختم کرنے میں مکمل طور پر کامیاب ہوجائینگے۔

ایک سے ڈیڑھ ماہ میںکم ریلیف 6ماہ میں50فی صداورڈھائی سے 3سال میں لوڈشیڈنگ مکمل طور پر ختم کی جاسکتی ہے۔ ایکسپریس نیوزکے پروگرام کل تک میں میزبان جاوید چوہدری سے گفتگومیں ڈاکٹرمصدق ملک نے کہاکہ ہماری کیپسٹی کم اور ڈیمانڈ زیادہ ہے ہم18ہزارمیگاواٹ بنانیکی صلاحیت رکھتے ہیں لیکن 13سے 14ہزارمیگاواٹ بجلی پیداکررہے ہیں۔بجلی 14روپے فی یونٹ تک مل رہی ہے جبکہ 6سے 8روپے میں بیچ رہے ہیں ہمیں بجلی کی قیمت اور پیداواری قیمت دونوں میں اضافہ کرناپڑیگا ۔



تربیلا اور منگلاسے ملنے والی بجلی کی قیمت 2روپے فی یونٹ بھی ہے کیونکہ انکی لاگت پوری ہو چکی ہے لیکن بعض جگہ پرجہاں مہنگے طریقوں سے بجلی پیداہورہی ہے وہاں پراسکی قیمت 13,14تک ہے۔ہم اپنے اداروںکی ادائیگی درست اندازمیں شروع کردیں توبھی کافی معاملات ٹھیک ہوسکتے ہیں،بجلی چوری ایک بڑامسئلہ ہے سوسے 2سو میگاواٹ ہرڈسٹری بیوشن پوائنٹ پرچوری ہورہی ہے پاکستان میںلوڈشیڈنگ بیچی بھی جارہی ہے مثال کے طورپرکسی جگہ پرمستقل بجلی کی فراہمی کی قیمت لگادی جائے اورایساہوبھی رہا ہے۔

اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ریاست کمزورہوچکی ہے اورانفرااسٹرکچرکی تنظیم نوکی ضرورت ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ میں نے بہت سی تھیوری سنی ہیں لیکن یہ طے ہے کہ میاں نوازشریف اس مسئلے کے حل میں بہت سنجیدہ ہیں وہ اس بحران کو ضرور دورکرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔انھوں نے کہا کہ ایک حل یہ بھی ہے کہ پروڈکشنزہاؤس صوبوں کے حوالے کردیںوہ چاہے توبجلی چوری کروالیں چاہے توبیچ دیں، ہر پیداواری یونٹ کے ساتھ پرفارمنس کی بنیاد پر کنٹریکٹ سائن کیے جائیںجواچھی کارکردگی دکھائے اس کے کنٹریکٹ کوبڑھادیا جائے۔